پی ٹی آئی احتجاج : گرفتار دو ایم پی ایز، 34 پولیس اہلکار اور 1122 کے 42 ملازمین کو رہا کرنے کا حکم

سیشن عدالت اسلام آباد نے بلیوایریا چائنا چوک میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی کے دو ایم پی ایز، 34 پولیس ملازمین اور 1122 کے 42 ملازمین کو ڈسچارج کردیا۔مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ میاں اظہر ندیم کے روبرو ہوئی۔ مقدمے میں ایم پی ایز انور زیب اور ملک لیاقت بھی شامل تھے۔ ملزمان کی جانب سے وکیل انصر محمود کیانی پیش ہوئے۔وکیل انصر محمود نے کہا کہ سارے ملزمان کو کل ضمانت ملی اور آج سیکریٹریٹ پولیس نے گرفتار کرلیا۔جج نے پوچھا کیا ملزمان نے میریٹ پر توڑ پھوڑ کی؟ ڈکیتی کی؟ وہاں دہشت گردی کی دفعہ نہیں بنتی تھی؟ کل جن مقدمات میں ضمانت ملی ان میں بھی یہ سب ملزمان نامزد تھے۔پولیس نے کہا کہ تھانہ سیکریٹریٹ اور تھانہ کوہسار کے مقدمہ میں دو گھنٹے کا فرق ہے، یہ وہی ملزمان ہیں جو تھانہ سیکریٹریٹ کے مقدمات میں گرفتار کیے گئے۔بعدازاں عدالت نے شناخت پریڈ کے لیے لائے گئے تمام ملزمان کو ڈسچارج کر دیا۔

Comments (0)
Add Comment