بلدیاتی انتخابات میں عوام کے پاس پی ٹی آئی کے سوا کوئی بہتر آپشن نہیں، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے، تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین جماعت ہے عوام کے پاس پی ٹی آئی کے سوا کوئی بہتر آپشن نہیں ہے۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سینٹرل ایگیزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا جس میں وزیراعظم عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے طریقہ کار پر بھی مشاورت ہوئی، بڑے شہروں میں مئیرز کے لیے ناموں کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا ساتھ ہی وزیراعظم نے عوامی جلسوں کا شیڈول تیار کرنے کی ہدایت دی۔وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو منظم کیا جائے، ہمارے کارکنان پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، بلدیاتی انتخابات میں میرٹ پر ٹکٹیں تقسیم کی جائیں گی۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی مقبول جماعت ہے، بلدیاتی انتخابات میں پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے، عوام کے پاس پی ٹی آئی کے علاوہ کوئی بہتر آپشن نہیں ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں دورہ چین سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی جس پر وزیراعظم نے دورہ چین کی کامیابی کو اجاگر کرنے کی ہدایت دی۔

Comments (0)
Add Comment