عمران خان کی مودی کو تنازعات کے حل کےلیے ٹی وی پر مباحثے کی پیشکش

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو تنازعات کے حل کے لیے ٹی وی پر مباحثے کی پیش کش کردی۔وزیراعظم عمران خان نے روسی ٹی وی ’’آر ٹی‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ہندو قوم پرستی تحریک کے بانی نازیوں سے متاثر تھے، اقتدار میں آیا تو سب سے پہلے بھارت کو امن کے لیے مذاکرات کی پیش کش کی ، لیکن بھارت نے ہماری پیش کش مسترد کردی، بھارت میں نسل پرستی پر مبنی جنونی نظریہ مسلط ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم پرستی منفی بھی ہوتی ہے اور مثبت بھی، ایک تو یہ کہ میں اپنی قوم کو بہت قابل قرار دیتے ہوئے آگے بڑھنے کی حوصلہ افزائی کروں ، لیکن دوسرا یہ ہے کہ میں کہوں کہ میری قوم بہت قابل ہے لیکن دوسری قوموں کی وجہ سے ترقی نہیں کرسکتی تو اس سے نفرت کا رخ دیگر برادریوں کی طرف ہوجائے گا اور خون خرابہ ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ٹی وی پر براہ راست مباحثہ کرنا چاہتا ہوں، اگر برصغیر کے ایک ارب سے زیادہ لوگ مباحثے سے اپنے تنازعات حل کرلیں تو کیا ہی اچھا ہو۔خاتون میزبان نے کہا کہ آر ٹی چینل کو یہ مباحثہ کرانے پر بہت خوشی ہوگی۔

Comments (0)
Add Comment