بلاول بھٹو زرداری نے وزیر خارجہ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر خارجہ کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔حلف برداری کی تقریب میں صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے شرکت کی جہاں ان سے صدر مملکت عارف علوی نے حلف لیا۔تقریب میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی بہن محترمہ صنم بھٹو نے بھی خصوصی شرکت کی۔واضح رہےکہ وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہیں۔خیال رہے کہ نومنتخب اتحادی حکومت کے قیام کے بعد بلاول نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مکمل اختیارات کے ساتھ وزارت خارجہ کا مطالبہ کیا تھا۔بعد ازاں سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ وزارت خارجہ کے قلمدان پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان ڈیڈلاک ہوگیا ہے تاہم حکومت کی جانب سے اس کی تردید کردی گئی تھی۔

Comments (0)
Add Comment