نیشنل پریس کلب کی ارجہ میں صحافیوں پرجھوٹی ایف آئی آر کی شدید مذمت

اسلام آباد:نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا، سیکرٹری خلیل احمد راجہ اور فنانس سیکرٹری نیئر علی نے باغ آزاد کے صحافیوں (راجہ طاہر گلزار،عامر نواز اور طاہر رشید)کیخلاف گورنمنٹ انٹر ڈگری کالج ارجہ کی لیکچرر کی جانب سے جھوٹی ایف آئی آر کے اندراج کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے اور وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس،چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور آئی جی آزادکشمیر سے اس واقعہ کی فوری تحقیقات اور جھوٹی ایف آئی آر کے اندراج میں ملوث افراد کیخلاف سخت ترین ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں نیشنل پریس کلب کے منتخب عہدیداروں کا کہنا تھا کہ ایک طرف آزاد کشممیر کے وزیراعظم صحافیوں کے تحفظ اور انہیں سہولیات کی فراہمی کا دعویٰ کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب ان کے دور اقتدار میں صحافیوں کو انکے فرائض کی انجام دہی سے روکنے کیلئے انکے خلاف جھوٹے کیسیز بنائے جارہے ہیں۔حقائق بیان کرنے کی پاداش میں مقدمے کا اندراج آزادی صحافت پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔مقدمات اور بلیک میلنگ صحافیوں کو راستے سے نہیں ہٹا سکتی۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے باغ آزاد کشمیر میں مقیم صحافی ارشاد بٹ کی کردار کشی کی بھی شدید مذمت کی اور وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافیوں اور ان کے خاندانوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں کیونکہ اسطرح کے واقعات سے صحافی برادری میں بے چینی بڑھتی جارہی ہے لہٰذا اسکے تدارک کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں بصورت دیگر صحافی برادری سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔

Comments (0)
Add Comment