نئے مالی سال کیلئے9502 ارب روپے کا وفاقی بجٹ پیش کیا

اسلام آباد: حکومت نے نئے مالی سال 2022-23ء کے لیے 9 ہزار 502 ارب کا بجٹ پیش کردیا جس میں دفاع کے لیے 1 ہزار 523 ارب، ترقیاتی کاموں کے لیے 808 ارب روپے، سود کی ادائیگی کے لیے 3 ہزار 950 ارب مختص کیے گئے ہیں جب کہ ٹیکس وصولیوں کا تخمینہ 7 ہزار 4 ارب روپے ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت شروع ہوگیا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجٹ پیش کررہے ہیں۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی بجٹ تقریر میڈیا کو جاری کردی گئی جس کے مطابق نان ٹیکس ریونیو 2 ہزار ارب روپے ہوگا، ٹیکس آمدن کا ہدف 7004 ارب روپے ہے، این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو 4 ہزار 1 سو ارب روپے ملیں گے، پاکستان بیت المال کے لیے 6 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔بجٹ تقریر کے مطابق ٹیکس تنازعات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، خیراتی ہسپتال اگر پچاس بیڈز سے زیادہ کا ہوگا تو مکمل ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔خوردنی تیل کی مقامی پیداوار بڑھانے کے لیے انقلابی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، زرعی ٹریکٹرز کے لیے سیلز ٹیکس ختم کیا جا رہا ہے، کینولا اور سورج مکھی کے بیجوں پر 17 فیصد سیلز ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کیا جارہا ہے۔بجٹ تقریر کے مطابق توانائی کی قلت دور کرنے کے لیے رعائتیں دی جارہی ہیں، سولر پینل کی درآمد اور مقامی سپلائی پر سیلز ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے اور بجلی کے غریب صارفین کو سولر پینل قسطوں پر ملیں گے۔بجٹ تقریر کے مطابق تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس چھوٹ کی حد 6 لاکھ سے بڑھا کر 12 لاکھ کر دی گئی ہے۔ کاروباری افراد اور ایسوسی ایشن آف پرسنز کے لیے ٹیکس چھوٹ کی حد 4 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ کر دی گئی۔ نان فائلرز کے لیے ٹیکس کی شرح 100 فیصد سے بڑھا کر 200 فیصد کردی گئی۔پنشنرز، بہبود سرٹیفکیٹ سمیت بچت اسکیموں کے منافع پر ٹیکس 10 فیصد سے کم کرکے 5 فیصد کردیا گیا۔ری ٹیلرز کے لیے فکسڈ ٹیکس کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ ٹیکس وصولی بجلی کے بلوں کے ساتھ کی جائے گی۔ ٹیکس کی شرح 3 ہزار سے 10 ہزار روپے ہوگی۔ ایف بی آر تاجروں سے مزید سوال نہیں کرے گا۔بجٹ میں ڈھائی کروڑ سے زیادہ مالیت کی پراپرٹی کے کرائے پر ایک فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ سالانہ 30 کروڑ یا زائد آمدن والوں پر 2 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔1600 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر ایڈوانس ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے۔ الیکٹرک انجن کی صورت میں 2 فیصد ایڈوانس ٹیکس بھی لاگو ہوگا۔بجٹ میں وزارت قانون و انصاف کے لیے 1 ارب 81 کروڑ روپے مختص کردیے گئے۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی عمارت کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے 45 کروڑ روپے، وفاقی عدالتوں کی آٹومیشن کے لیے 39 کروڑ روپے، وفاقی کورٹس کمپلیکس لاہور کے لیے 10 کروڑ روپے، وزارت قانون کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے 4 کروڑ 66 لاکھ روپے اور اٹارنی جنرل کے نئے دفتر کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے مختص کردیے گئے۔بجٹ میں بے نظیر تعلیمی وظائف پروگرام کا دائرہ ایک کروڑ بچوں تک بڑھانے کا اعلان کیا گیا۔ نو ارب روپے سے 10 ہزار طالب علموں کو بے نظیر انڈر گریجویٹ اسکالرشپ دی جائے گی۔ ایچ ای سی کے لیے 104 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ جو لوگ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں پہلے سے رجسٹرڈ ہیں انہیں جون سے ادائیگی کی جارہی ہے جبکہ پروگرام میں مزید 60 لاکھ مستحق افراد کو بھی شامل کیا جارہا ہے۔بجلی پر سبسڈی کی مد میں 570 ارب، پٹرولیم بقایاجات کی ادائیگی کے لیے 248 ارب روپے خرچ ہوں گے۔فصلوں اور مویشیوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے 21 ارب روپے رکھے ہیں۔حکومت نے گرین یوتھ موومنٹ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ہر کسی کو قسطوں پر لیپ ٹاپ دیں گے جب کہ میرٹ پر مفت لیپ ٹاپ بھی دیئے جائیں گے۔ نوجوانوں کے لیے ملک بھر میں 250 منی اسٹیڈیم تعمیر کیے جائیں گے۔وزیر خزانہ کے مطابق ایک ارب سالانہ گرانٹ سے بائنڈنگ فلم فنانس فنڈ قائم کررہے ہیں۔ انہوں نے میڈیکل انشورنس پالیسی کے آغاز، فلم سازوں کو پانچ سال کا ٹیکس ہالیڈے دینے کا اعلان کیا۔نئے سنیما گھروں ،پروڈکش ہاؤسز، فلم میوزیمز کے قیام پر 5 سال کا انکم ٹیکس استثنی ہوگا۔ وزیر خزانہ نے 10 سال کے لیے فلم اور ڈرامہ اسپورٹ پر ٹیکس ری بیٹ دینے، سنیما اور پروڈیوسرز کی آمدن کو انکم ٹیکس سے استثنی دینے کا اعلان کیا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے پیش نظر کم آمدنی والے طبقے کو تحفظ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 40 ہزار روپے ماہانہ سے کم آمدنی والے خاندانوں کو 2 ہزار روپے ماہانہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہےجو کہ نافذ العمل ہے، اس ریلیف سے تقریبا 8 کروڑ لوگوں کو فائدہ ہوگا، یہ مالی امداد 2022/23 کے بجٹ میں شامل کردی گئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment