ہمیں آج اپنے مظلوم کشمیری بہن، بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے جبر کا شکار ہیں، وزیراعلی عثمان بزدار کا پیغام

لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں پنجاب کے شہروں اوردیہاتوں میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے نیا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی ضروریات مہیا کرنے کیلئے پروگرام شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام پر مجموعی طورپر25ارب روپے خرچ ہوں گے،جس کے تحت شہروں اور دیہات میں صفائی کے نظام،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا-غیر فعال واٹر سپلائی سکیموں اورغیر فعال سیوریج سکیموں کو بحال کیاجائے گا جبکہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ضروری مشینری خریدی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے پروگرام پر عملدر آمد کے حوالے سے متعلقہ امور جلد طے کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے ہر شہر اوردیہات کی ترقی چاہتا ہوں اوررواں مالی سال کے بجٹ میں پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے زیادہ فنڈز رکھے گئے ہیں -بنیادی سہولتیں بہتر بناکرعوام کو ان کا حق لوٹائیں گے-

چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری قانون، سیکرٹری بلدیات، سپیشل سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اطلاعات، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا۔ پاکستان کو اس کی اصل منزل سے ہٹانے والے ملک و قوم کے مجرم ہیں۔قومی وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کرکے ملک و قوم سے ظلم اور زیادتی روا رکھی گئی۔ ماضی کے ادوار میں ذاتی تجوریاں بھری گئیں اور عوام بنیادی ضرورتوں کو ترستے رہے۔سابق حکمرانوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا۔ تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی غلطیوں اور خرابیوں کو دور کر رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی اصل منزل کی طرف رواں دواں ہے۔ نیا پاکستان عام آدمی کا پاکستان ہے اور ہم قومی وسائل کو عوام کی امانت سمجھتے ہیں۔ عیدالاضحی کے موقع پر پیغام: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پاکستانی قوم کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہاکہ عید الاضحی خوشیوں، قربانی، ایثار اور محبت کا تہوار ہے اور ہمارا خلاقی،قومی اور دینی فریضہ ہے کہ ہم عید پر محروم طبقے کے ساتھ خوشیاں بانٹیں۔ انہوں نے کہاکہ خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارااوریتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا پیغام ہے۔

وزیراعلی نے کہاکہ ہمیں آج اپنے مظلوم کشمیری بہن، بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے جبر کا شکار ہیں اور آزادی کے حصول کیلئے ہزاروں کشمیری اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کرچکے ہیں۔آزادی کی متلاشی آنکھیں پیلٹ گن سے چھلنی ہوگئیں لیکن کشمیر کو آزاد دیکھنے کے منظر کی آرزو برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کے غیر قانونی، غیر آئینی اور غیر اخلاقی اقدام نے کشمیری عوام کی عید کی خوشیاں چھین لی ہیں۔مودی سرکار نے طاقت کے نشے میں آرٹیکل 370 کا خاتمہ کر کے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے اوربھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں عید الاضحی کے موقع پر اپنے کشمیری بہن،بھائیوں کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوںاور وہ وقت دور نہیں جب ہمارے کشمیری بہن بھائی آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے اور کشمیر بنے گا پاکستان۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آج وطن کی حفاظت کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے اور شہداء کے اہل و عیال کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہماری اجتماعی قومی ذمہ داری ہے۔ ہمیں باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کا دن اپنی ذات کی نفی، ذاتی انا اور مفادات کی قربانی دیکر ایثار، بھائی چارے او راتحاد کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ عید کے پرمسرت اور بابرکت موقع پر ہمیں دکھی اور لاچار انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کا عہد کرنا ہو گا۔نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نئے پاکستان کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے اورکسی بھی ملک کی ترقی میں نوجوان کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اورآبادی کے اس بڑے حصے کوحقیقی معنوں میں بااختیار بنائیں گے۔ نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر کے پاکستان کو نکھاریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں اورذہانت سے مالا مال ہیں اورپاکستانی نوجوانوں نے زندگی کے ہرشعبے میں اپنی خداداد صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کیا ہے۔قوم کو اپنے باصلاحیت نوجوانوں سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کوبااختیاربنانے کیلئے وسائل اورمواقع فراہم کرکے نئے پاکستان کے مقاصد حاصل کریں گے۔اقلیتوں کے حقوق کے قومی دن پر پیغام: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کا کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ نئے پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے اقلیتوں کے حقوق کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرتا ہے اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔ دین اسلام اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری پر بہت زور دیتا ہے اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے بھی اقلیتوں کے یکسا ں حقوق پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کوترقی کے یکساں مواقع دے کر قومی دھارے میں شامل کیا گیا ہے اور اقلیتوں کے مقدس مقامات کی دیکھ بھال اور تزئین و آرائش حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اقلیتیں پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں جو قابل تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مزید موثر انداز میں عملی اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

عثمان بزدار
Comments (0)
Add Comment