وزیراعظم شہباز شریف کی غیرملکی سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے ہدایت

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے راستے میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں سرمایہ کاری پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا مفتاح اسماعیل، چوہدری سالک حسین، احسن اقبال کے علاوہ طارق فاطمی بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں وزیراعظم کو توانائی، انفراسٹرکچر، ریلوے اور پورٹ انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں فوری طور پر 1 سے 2 ارب ڈالر کی کی سرمایہ کاری متوقع ہے، ان منصوبوں سے 45 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے پاکستان کے ایز آف ڈوئنگ بزنس انڈیکس میں بہتری آئے گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام تر رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے، خصوصاً چینی سرمایہ کار کمپنیوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں، چینی ورکرز کے ویزے میں سی پیک اور دوسری کمپنیوں کے ورکرز کی تفریق ختم کی جائے۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کے مسائل کے حل کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان بھی کیا، کمیٹی گوادر فری زون میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کے مسائل بھی دیکھے گی اور 10 دن کے اندر تفصیلی رپورٹ اور سفارشات مرتب کر کے وزیراعظم کو بھیجے گی

Comments (0)
Add Comment