اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)حکومت پاکستان نے ملک کے کئی حصوں میں موسلادھار بارشوں اور اچانک سیلاب کی وجہ سے متاثرہ آبادی کی بحالی اور ریلیف کی فراہمی کے لیے وزیر اعظم فلڈ ریلیف فنڈ 2022 کے نام سے ایک فلڈ ریلیف فنڈ قائم کیا ہے۔اس ضمن میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے فنڈ میں عطیات / امداد جمع کرنے کے لیے "وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ اکاؤنٹ، 2022 کا اجراء کر دیا ہے۔ تمام کمرشل اور مائیکرو فنانس بینک مندرجہ ذیل رہنما خطوط کے مطابق بیرون ملک مقیم مخیر حضرات اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے مذکورہ فنڈ کے لیے عطیات/امداد وصول کر رہے ہیں:الف۔ وائر ٹرانسفر۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سمیت بیرون ملک مقیم عطیہ دہندگان اپنے متعلقہ بینک میں رکھے گئے فنڈ اکاؤنٹ میں وائر ٹرانسفر کے ذریعے فنڈ میں عطیہ کرسکتے ہیں، وہ صرف اپنے متعلقہ بینکوں کو مشورہ دیں گے کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کو ڈیبٹ کرکے فنڈ اکاؤنٹ میں عطیہ کی رقم منتقل کریں، بینک فنڈ اکاؤنٹ میں موصول ہونے والے عطیات کی جمع شدہ رقم روزانہ کی بنیاد پر ’ریئل ٹائم گراس سیٹلمنٹ‘ (RTGS) سسٹم کے ذریعے اسٹیٹ بینک کو منتقل کریں گے۔ب۔ منی سروس بیورو، منی ٹرانسفر آپریٹرز اور ایکسچینج ہاؤسز کے ذریعے منتقلی:بیرون ملک مقیم عطیہ دہندگان بھی منی سروس بیورو (MSBs)، منی ٹرانسفر آپریٹرز (MTOs) (جیسے منی گرام، ویسٹرن یونین) اور ایکسچینج ہاؤسز (EHs) کے ذریعے گھریلو ترسیلات وصول کرنے کے انتظامات کے مطابق عطیہ/ تعاون کر سکتے ہیں۔ فنڈ اکاؤنٹ میں ایسی ترسیلات وصول کرنے والے بینک روزانہ کی بنیاد پر RTGS کے ذریعے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو جمع شدہ رقم منتقل کریں گے۔ج۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی پیشکش کرنے والے کمرشل بینک اپنے روشن سماجی خدمت صفحہ/پورٹل پر "پی ایم فلڈ ریلیف فنڈ” کا آغاز کر رہے ہیں جس سے روشن ڈیجٹل اکاؤنٹ ہولڈرز کو بغیر کسی پریشانی کے فنڈ میں حصہ ڈالنے کے قابل بنا رہے ہیں۔ بینک روشن ڈیجٹل اکاؤنٹ کے ذریعے موصول ہونے والے عطیات کے ساتھ ساتھ دیگر ذرائع سے موصول ہونے والے عطیات کو روزانہ کی بنیاد پر’ریئل ٹائم گراس سیٹلمنٹ‘ کے ذریعے منتقل کریں گے۔