آڈیو لیکس میں اور بھی کچھ آنے والا ہے، عمران خان

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جلد آڈیو لیکس کی مزید قسطیں آنے والی ہیں۔

عمران خان نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا فراڈیا اسحاق ڈار واپس آرہا ہے، نیب نے اسحاق ڈار سے پوچھا کہ تمھارے والد کی تو سائیکل کی دکان تھی تمھارے پاس اربوں کے اثاثے کہاں سے آئے تو وہ وزیراعظم کے جہاز میں بیٹھ کر علاج کے بہانے ملک سے بھاگ گیا اور اب ڈیل کے تحت واپس آ رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ یہاں چوروں کے ساتھ ڈیلز ہوتی ہیں اور این آر او دیا جاتا ہے، اسی لیے چوری ختم نہیں ہوتی اور ملک ترقی نہیں کرسکتا، کیا قوم نے بھیڑ بکریوں کی طرح یہ تماشا دیکھنا ہے یا ظلم کیخلاف کھڑا ہونا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ اب نئی آڈیو لیکس آگئیں، جس میں ثابت ہوگیا کہ چیف الیکشن کمشنر نواز شریف کے گھر کا نوکر ہے، اس سے پوچھ رہا ہے کہ کسے نااہل کرانا ہے اور عمران کو توشہ خانہ کیس میں نااہل کردوں گا، اس میں شرم و حیا ہے تو مستعفی ہوجائے، لیکن اس میں شرم نہیں اس لیے ہمیں اسے مستعفی کروانا پڑے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے جھوٹ بولنے میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے، وہ آڈیو لیکس میں شہباز شریف سے بھارت سے مشینیں منگوانے کا کہہ رہی ہے، آڈیو لیکس میں اور بھی کچھ آرہا ہے، آنے والے دنوں میں قسطوں کا انتظار کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چوروں کو اوپر بٹھادیا گیا ہے، انہوں نے آتے ہی اپنے کیسز ختم کرالیے اور عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا، کابینہ کے 60 فیصد ارکان چوری و کرپشن کے مقدمات  میں ضمانت پر ہیں، سب تیاری کرلیں، میں نے اِن چوروں کیخلاف جہاد ڈکلئیر کیا ہے، جب تک میں زندہ ہوں، میں ان کا مقابلہ کروں گا اور انشاءاللّٰہ آپ کو جیت کر دکھاؤں گا۔

Comments (0)
Add Comment