فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کے خلاف مقدمہ درج

 راولپنڈی: ایف آئی اے نے فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان سمیت پانچ رہنماؤں، نجی بینک منیجر اور پی ٹی آئی کی فنانشل ٹیم پر مقدمہ درج کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے حکام نے فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کے دوران تحریک انصاف کے رہنماؤں خلاف ایف آئی اے کمرشل بیکنگ سرکل اسلام آباد میں مقدمہ درج کرلیا۔

ذرائع کے مطابق مقدمے میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت سمیت چھ رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے جن میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، سینیٹر سیف اللہ نیازی، سردار طارق، سید یونس، عامر کیانی، طارق شفیع شامل ہیں جبکہ نجی بینک منیجر سمیت پی ٹی آئی کی فنانشل ٹیم کے متعدد ارکان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے ذرائع نے مقدمہ درج کیے جانے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں، ملزمان نے فارن ایکس چینج ایکٹ کی خلاف ورزی کی، ملزمان نجی بینک اکاونٹ کے بینیفیشری تھے، بینک اکاؤنٹ میں ابراج گروپ سے بھی 21 لاکھ ڈالر آئے۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے عارف نقوی کا الیکشن کمیشن میں بیان حلفی جمع کرایا، ابراج گروپ کمپنی نےتحریک انصاف کے اکاونٹ میں پیسے بھیجے، ووٹن کرکٹ کلب سے دو مزید اکاؤنٹ سے رقم وصول ہوئی، نجی بینک کے سربراہ نے مشتبہ غیر قانونی تفصیلات میں مدد کی۔

Comments (0)
Add Comment