توشہ خانہ ریفرنس، عمران خان کو نااہل قرار دے دیا گیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو نا اہل قرار دے دیا۔       

الیکشن کمیشن کے بینچ نے توشہ خانہ کیس کا  فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو نااہل قرار دے دیا۔ عمران خان اب رکن اسمبلی نہیں رہے۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی سیٹ کو خالی قرار دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ عمران خان کی نا اہلی کا فیصلہ پانچ رکنی کمیشن کا مشترکہ فیصلہ ہے۔ عمران خان نے غلط معلومات فراہم کیں۔ فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر  سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے

عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی دستاویز کے مطابق عمران خان نے توشہ خانہ سے 14 کروڑ 20 لاکھ 42 ہزار روپے مالیت کے تحائف حاصل کیے جب کہ 30 ہزار روپے مالیت سے زائد کے تحائف ادائیگی کرکے حاصل کیے۔

عمران خان نے ان تحائف کے 3 کروڑ 81 لاکھ 77 ہزار روپے ادا کیے اور 8 لاکھ مالیت کے تحائف کی ادائیگی نہیں کی۔ عمران خان کی اہلیہ نے 58 لاکھ 59 ہزار روپے کے ہار، بُندے، انگوٹھی اور کڑا 29 لاکھ 14 ہزار روپے وصول کیے جب کہ عمران خان نے گھڑی ،کف لنکس، پین، انگوٹھی 2کروڑ 27 لاکھ روپے دے کر حاصل کیے۔

ریفرنس دستاویز میں عمران خان کی حاصل کی گئی گھڑی کی اصل مالیت 8 کروڑ 50 لاکھ ،کف لنکس کی اصل مالیت 56 لاکھ روپے، پین کی اصل مالیت 15 لاکھ اور انگوٹھی کی اصل مالیت 87 لاکھ ہے۔

Comments (0)
Add Comment