تحریک انصاف کا عمران خان کی نااہلی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج

 اسلام آباد: پی ٹی آئی نے عمران خان کو نااہل قرار دینے پر الیکشن کمیشن کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی جس کے بعد مختلف شہروں میں کارکنان باہر نکل آئے اور انہوں نے سڑکیں بند کرنا شروع کردیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق آج الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو نااہل قرار دیا گیا ہے جس کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے۔

مختلف شہروں میں موٹروے اور اہم سڑکیں بند ہونے سے عوام میں خوف اور غیریقینی کی کیفیت پیدا ہوگئی جبکہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو الرٹ کردیا گیا۔

احتجاج کی ہدایت ملنے پر پی ٹی آئی ضلع پشاور کی قیادت نے موٹروے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ قیادت نے کارکنان کو فوری طور پر موٹروے ٹول پلازہ پہنچنے کی ہدایت کردی۔

ہدایت ملنے پر کارکنان پہنچ گئے اور انہوں نے پشاور موٹر وے انٹر چینج ایم ون بند کردیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے فیض آباد سے زیرو پوائنٹ ہائی وے بلاک کردی ہے۔ کارکنوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال جانے والا راستہ بھی بند کر دیا۔

لاہور میں چنگی امرسدھو پر پی ٹی آئی کے حامیوں نے احتجاج شروع کردیا۔ پی ٹی آئی ورکرز نے کلمہ چوک میں  بھی احتجاج شروع کردیا۔ کارکنوں نے میٹرو بس سروس بھی بند کردی اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی۔

کارکنان فیض آباد پہنچ گئے، احتجاجی ریلی شاہراہ دستور روانہ

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان فیض آباد پہنچ گئے اور انہوں نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ سڑک بلاک کرنے والوں میں ایم این اے راشد شفیق، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم، ایم پی اے عمر تنویر بٹ اور دیگر شامل ہیں۔ ڈیپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم نے فیصلےکو قوم سے زیادتی قرار دے کر کارکنوں کو فیض آباد پہنچے کی کال دے دی۔ مظاہرین نے مریض کو لینے جانے والی ایمبولینس کو بھی واپس موڑ دیا۔

بہارہ کہو میں لوگوں نے سڑک پر نکل کر شدید احتجاج کیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد مظاہرے میں شریک ہوئی اور عمران خان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ عوام کی جانب سے جانب داری نامنظور کے نعرے بھی بلند کیے گئے۔ بھارہ کہو سے ایک ریلی شاہراہ دستور کی طرف روانہ ہوگئی۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج شروع کردیا اور کارکنوں نے نعرے بازی کی، پولیس نے الیکشن کمیشن کی عمارت کو حصار میں لے لیا۔

اسپیشل برانچ نے آئی جی کو رپورٹ دی ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد راولپنڈی کی سڑکیں بلاک  کی جارہی ہیں جس پر پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کی تیاری شروع کردی۔

پولیس کے مطابق شہر میں مختلف مقامات پر ایف سی کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی۔ اسلام آباد پولیس اور رینجرز کی مشترکہ پٹرولنگ شروع کردی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے سری نگر ہائی وے بلاک کردی اور وہاں پر ٹائر جلائے جس سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔

رحیم یار خان میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاج کرتے ہوئے باہر نکل آئے اور انہوں نے نعرے بازی کی۔

گوجرانوالہ کے چندا قلعہ چوک میں پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج شروع کردیا، ضلعی صدر میاں ارقم خان کی قیادت میں احتجاج جاری  ہے جس کارکنان کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھ کر انتظامیہ نے پولیس طلب کرلی۔

فیروز پور میں مرکزی سڑک پر لوگوں نے ٹائر جلاکر اسے بند کردیا،  فیروز پور روز پر چاروں طرف سے ٹریفک جام ہونے کے سبب سیکڑوں گاڑیاں اور موٹر سائیکل پھنس گئیں۔

فیصلے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یہ فیصلہ 22 کروڑ لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے، لوگ اس کے خلاف اپنے حق کے لیے باہر نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہو چکی ہے، پوری قوم اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے، انشاءاللہ اب ان طاقت کے ایوانوں کو الٹا کر ہی آئین کو بچایا جا سکتا ہے۔

فیصلے کے بعد ملک کے تمام شہروں میں پی ٹی آئی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے الیکشن کمیشن اور حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ کارکنوں نے ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج شروع کردیا، کئی دفاتر کے باہر جلاؤ گھیراؤ بھی کیا گیا اور سڑکیں بند کردی گئیں۔

Comments (0)
Add Comment