ڈیرہ اسماعیل خان (نیوز ڈیسک) ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن میں جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب دہشت گردوں نے درازندہ موڑ پر واقع پولیس چیک پوسٹ پر مختلف سمتوں سے حملہ کیا ہے۔پولیس کی بھرپور جوابی فائرنگ پر حملہ آور فرار ہو گئے تاہم فائرنگ کے تبادلے میں قریب واقع پٹرول پمپ کا نجی سیکورٹی گارڈ
موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جب کہ دو ملازمین سمیع اور پیر محمد اور مسافر کوچ کا کنڈکٹر بنگلو خان زخمی ہو گئے۔جاں بحق گارڈ کی لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں سمیع زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔جب کہ دیگر زخمی افراد زیر علاج ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس چیک پر حملے کے لیے دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر آئے تھے اور ان کی تعداد 8 تھی۔واقعے کے بعد سب ڈویژن درازندہ میں ناکہ بندی کر دی گئئی ہے۔