لاہور(کامرس رپورٹر)سی پیک کیلئے ریڑھ کی ہڈی سمجھنے جانے والے گوادر کی تعمیر و ترقی میں مرکزی کردار ادا کرنے والی گوادر ڈویلپرز اینڈ بلڈرز ایسوسی ایشن اور ورچوئل ایکسپو کے درمیان معاہدے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخظ کئے گئے۔ گوادر ڈویلپرز اینڈ بلڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین احمد اقبال بلوچ اور ورچوئل ایکسپو کے بانی و چیف ایگزیکٹو نعیم ثاقب نے یہاں منعقدہ ایک تقریب میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔
نعیم ثاقب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان کی پہلی ورچوئل (آن لائن) ایکسپو رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی کاروباری اداروں کی بڑھوتری اور کامیابی میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ نعیم ثاقب کا مزید کہنا تھا کہ ورچوئل ایکسپو اپنے اراکین کیلئے ملکی تاریخ میں پہلی بار آن لائن نمائشوں کا پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے۔ ورچوئل ایکسپو کے ذریعے صارفین گھر بیٹھے اپنے پسندیدہ کاروباری مراکز سے لین دین اور کاروباری شراکت کے ساتھ ساتھ خریداری میں حصہ لے سکتے ہیں۔
اس موقع پر گوادر ڈویلپرز اینڈ بلڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین احمد اقبال بلوچ نے کہا کہ گوادر ڈویلپرز اینڈ بلڈرز ایسوسی ایشن گوادر کی تعمیر و ترقی اور سی پیک کو کامیاب بنانے میں حکومت اور فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔احمد اقبال بلوچ نے ملک کےمشکل معاشی حالات میں کاروباری حضرات بالخصوص رئیل اسٹیٹ بزنس کو پروان چڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے پر ورچوئل ایکسپو کے چیئرمین نعیم ثاقب کی کاوشوں کو بھی سراہا۔