صحافیوں، میڈیا ورکرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، پرویز شوکت

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز برنا گروپ) کے صدر کی سربراہی میں آرآئی یو جے اور ایپنک کے عہدیداروں پرمشتمل وفد نے ملاقات کی۔ وزارت اطلاعات و نشریات اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پی ایف یو جے کے صدر پرویز شوکت نے وفاقی وزیر کو ملک بھر کے صحافیوں کو درپیش مسائل، میڈیا مالکان کے پیدا کردہ بحران اور صحافیوں و میڈیا ورکرز کی جبری برطرفیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا مالکان کو کی جانے والی واجبات کی ادائیگیوں کو ورکرز کی تنخواہوں سے مشروط کیا جائے۔ صدر پی ایف یو جے پرویز شوکت نے کہا کہ حکومت نے ویج بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا مگر ویج بورڈ کی میٹنگ بھی جلد طلب کی جائے اور اسکے ساتھ ساتھ آئی ٹی این ای کیلئے موزوں دفاتر کا بھی انتظام کیا جائے۔

صدر پی ایف یو جے نے کہا کہ آئی ٹی این ای کا دائرہ کار صرف اخبارات تک محدود ہے اور اس وقت ملک میں الیکٹرانک میڈیا کے ورکرز کی شنوائی کیلئے کوئی پلیٹ فارم موجود نہ ہے، حکومت آئی ٹی این ای کے اختیارات میں چند جملوں کی ترمیم سے یہ مسئلہ حل۔کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کونسل آف پاکستان میں ایک ہی صحافتی یونین کو نمائندگی دی گئی ہے جس سےکسی طور بھی مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہوپائیں گے، لہٰذا پریس کونسل میں دیگر گروپس کو بھی نمائندگی دی جائے۔ وفد سے ملاقات کے موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت ذرائع ابلاغ کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، حکومت پریس کونسل آف پاکستان اور پیمرا کی کارکردگی کو پیش ِنظر رکھ کر ایک ایسے ادارہ تشکیل دینے کا ارادہ رکھتی ہے جو ان سے زیادہ خود مختار اور بہتر نتائج برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ پرویز شوکت نے مطالبہ کیا کہ ویج بورڈ بورڈ ک میٹنگ بلائی جائے جس پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے سیکرٹری اطلاعات شفقت جلیل کو فوری طور پر ویج بورڈ میٹنگ بلانے کی ہدایت جس پر سیکرٹری اطلاعات نے باہمی مشاورت کے بعد ویج بورڈ کی میٹنگ 27 دسمبر کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا جس پر پی ایف یو جے کے صدر پرویز شوکت آر آئی یو جے و اپنیک کے عہداران نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اطلاعات نے آئی ٹی این ای کے ذمہ داران کیلئے دفتر کا مطالبہ بھی پورا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ میڈیا مالکان کے واجبات کی ادائیگی کو ورکرز کی تنخواہوں سے مشروط کرنے اور آئی ٹی این ای کے دائرہ کار میں وسعت کیلئے قانون میں ترمیم کی ضرورت ہوگی جس پر حکومت سنجیدگی سے غور کرے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے ہونے والی ملاقات میں وزارت اطلاعات و نشریات کے سیکرٹری شفقت جلیل، پرنسپل انفارمیشن سیکرٹری میاں جہانگیر اقبال، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز برنا گروپ) کے صدر پرویز شوکت، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر نمود مسلم، سیکرٹری کاشان اکمل گِل، ایپنک کی مرکزی قیادت و دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز برنا گروپ)پرویز شوکتچوہدری فواد حسین
Comments (0)
Add Comment