ای کامرس پلیٹ فارم، ’قسط بازار‘ نے 100 کروڑ روپےکی مصنوعات فروخت کرکےنیا ریکارڈ قائم کردیا

کراچی: پاکستان کے صف اول کے ای کامرس اسٹارٹ اپ، قسط بازار نے نومبر 2021 میں اپنے قیام کے بعد محض 17ماہ میں ہی 100کروڑ روپے کی فروخت کا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ قسط بازار فوری خریدیں، بعد میں ادائیگی (Buy Now Pay Later) کے پلیٹ فارم پر تیزی سے ترقی کررہا ہے اور یہ این بی ایف سی (نان بینکنگ فنانس کمپنی) سے لائسنس یافتہ ہے۔

یہ پلیٹ فارم ملک کے تمام شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے آسان ماہانہ اقساط پر 400 سے زائد مصنوعات فراہم کرتا ہے۔ اس مختصر مدت کے دوران 15ہزار سے زائد صارفین نے قسط بازار کے پلان سے فائدہ اٹھایا ہے جس سے مجموعی طور پر 100 کروڑ روپے کی مصنوعات فروخت ہوئی ہیں۔ جن میں موبائل فونز، لیپ ٹاپس، ریفریجریٹرز، ایل ای ڈی ٹی وی، موٹر سائیکلیں اور چھت کے پنکھے سب سے زیادہ قابل فروخت اشیاء ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ قسط بازار میں 57 فیصد ایسے صارفین ہیں جن کی ماہانہ آمدن 45,000 روپے سے کم ہے جبکہ اسکے 70 فیصد صارفین کی عمر 35 سال سے کم ہے۔ قسط بازار سے مستفید چھوٹے کاروبار جیسے ’خوانچہ فروش‘ اور دیگر صارفین کا تناسب 40 فیصد سے زائد ہے۔
قسط بازار کے شریک بانی عارف لاکھانی نے کہا کہ ہم نے نہ صرف اپنی مصنوعات کی فروخت کا بڑا سنگ میل عبور کیا ہے بلکہ لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات بھی مرتب کررہے ہیں۔ ہماری توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ آبادی کے اُس حصے کی معاونت کی جائے جو صفر کریڈٹ اسکور کے ساتھ بینکنگ سہولیات سے محروم ہے۔ جیسے، موٹر سائیکل خریدنے والے بے روزگار کے ڈیلیوری رائیڈر بننے سے لیکر بن کباب والے تک، مسافروں سے رابطے کے لیے رکشہ ڈرائیور کو فون ملنے تک، یا گھر سے اضافی آمدنی حاصل کرنے کیلئے لیپ ٹاپ خریدنے والے گگ ورکر تک، ہم لوگوں کو کمانے اور اپنی ترقی حاصل کرنے کی صلاحیت کے قابل بنا رہے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment