نیویارک: پوری دنیا میں سبزیوں اور پھلوں پر حشرات کُش اور ضارکُش ادویہ عام استعمال کی جاتی ہیں۔ یہ مسئلہ ترقی یافتہ ممالک میں بھی بہت عام ہے۔ اب ایک جادوئی برتن میں سبزیاں اور پھل رکھنے سے ان کے 99 فیصد مضر اثرات ختم ہوجاتے ہیں۔اس ایجاد کا نام گارنش رکھا گیا ہے جو پہلے پہل کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ پر رکھی گئی تھی اور حیرت انگیز طور پر ڈیڑھ گھنٹے میں اس کےلیے مطلوبہ رقم جمع ہوگئی تھی۔ خود پاکستان میں بھی زرعی ادویات اور کیڑے مار کیمیکل کا استعمال بڑھتا جارہا ہے۔ یہ ادویہ کسان کے زبان میں زہرکہلاتی ہیں اور یوں ہماری غذا کا حصہ بن کر بہت نقصاندہ ثابت ہوسکتی ہے۔گارنش میں جو سبزی اور پھل رکھا جائے اس سے عام کیمیکل 99 فیصد ختم ہوجاتے ہیں۔ اس کے علاوہ مشہور اور بدنام کیمیائی اسپرے کلوروپائریفوس اور ڈکلوووس بھی 99 فیصد تک کم ہوجاتےہیں۔ اس برتن کو آسانی سے اٹھاکر کہیں بھی لےجایا جاسکتا ہے اور یوایس بی پورٹ سے چارج کیا جاسکتا ہے۔اسے استعمال کرنا بہت آسان ہے۔ گارنش میں پانی بھرے اور اس میں سبزیاں، اجناس اور پھل ڈبودیں۔ آلے کو آن کرتے ہی پانی کی برق پاشیدگی (الیکٹرولائسس) کا عمل شروع ہوجاتا ہے۔ اس میں ایچ اور او ایچ آئن پیدا ہوتےہیں۔ اس عمل میں تہہ سے چھوٹے بلبلے پیدا ہوتے ہیں۔ اس طرح مضر کیمیکل کے بند (بانڈ) ٹوٹنے لگتے ہیں۔تاہم ضروری ہے کہ پانی میں کلورین کی معمولی مقدار ملائی جائے تاہم کلورین نہ ہونے کی صورت میں آپ چٹکی بھر نمک بھی شامل کرسکتے ہیں۔تجربہ گاہ میں گارنش کو غیرمعمولی طور پر کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ صرف دس منٹ میں یہ فصلوں پر استعمال ہونے والے خطرناک کیمیکل کو صاف کردیتا ہے۔گارنش کی قیمت 99 سے 149 ڈالر تک ہے جو کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ، انڈی گوگو پر دستیاب ہے۔