انسٹاگرام بچوں کی گمشدگی کے متعلق ’ایمبر الرٹس‘ فیچر متعارف کرانے جارہا ہے

کیلیفورنیا: انسٹاگرام کی جانب سے جلد ہی بچوں کے گمشدہ یا اغواء ہونے کے متعلق ایمبر الرٹس کا اجراء کیا جانے والا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انسٹاگرام کی جانب سے یہ فیچر کئی تنظیموں بشمول نیشنل کرائم ایجنسی کے اشتراک سے بنایا گیا ہے۔میٹا کی ذیلی کمپنی انسٹاگرام کا کہنا تھا کہ ان الرٹس میں گمشدہ بچوں کی تفصیلات جیسے کے تصویر، اغواء کی جگہ اور دیگر دستیاب معلومات شامل ہوں گی۔کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ کاوش بچوں کی تلاش میں اہم ثابت ہوسکتی ہے کیوںکہ پلیٹ فارم کے بصری نوعیت کے ہونے کی وجہ سے اس کے صارفین ان اطلاعات کو زیادہ جلدی بڑے پیمانے پر پھیلا سکتے ہیں۔فوٹو شیئرنگ ایپلی کیشن کا کہنا تھا کہ اس فیچر کا اجراء جمعرات سے شروع ہوگا اور آئندہ چند ہفتوں میں یہ 25 ممالک میں مکمل طور پر دستیاب ہوگی۔ایسا ہی ایک سسٹم 2015 میں فیس بک پر لانچ کیا گیا تھا اور اب یہ فیچر انسٹاگرام پر آرہا ہے، صارفین ایک سے دوسرے پلیٹ فارم پر الرٹس شیئر کر سکیں گے۔میٹا میں ٹرسٹ اور سیفٹی کی ڈائریکٹر ایمیلی ویچر کا کہنا تھا کہ ہم یہ جانتے ہیں کہ جب زیادہ لوگ گمشدہ پچے کی تلاش میں نکلتے ہیں تو اس کے ملنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، بالخصوص جب یہ تلاش ابتدائی اوقات میں کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایمبر الرٹ ہمارے معاشروں کو سپورٹ کرنے کے لیے ایک اہم طریقہ کار ہوسکتا ہے جس میں ہم بچوں کو محفوظ رکھ سکتے ہوں۔

Comments (0)
Add Comment