میری لینڈ: کئی دہائیوں سے اپنے بازوؤں کی حس سے محروم معذور شخص کو دو روبوٹک بازو لگاکر انہیں براہِ راست انسانی دماغ سے جوڑدیا تو اس نے پہلی مرتبہ ایک ہاتھ میں چھری اور دوسرے میں کانٹا تھام کر پلیٹ میں رکھا کیک کھایا۔میری لینڈ کے شہر لوریل میں واقع جان ہاپکنزاپلائیڈ فزکس لیبارٹری (اے پی ایل) کے سائنسدانوں نے 30 سال سے ہاتھوں اور انگلیوں کی حس سے محروم شخص کو دونوں اشیا تھامنے، کیک کو ایک جگہ سے کاٹنے، اس کا مناسب ٹکڑا اٹھانے اور منہ تک پہنچا کر کھانے کے قابل بنایا ہے۔ اس کام میں اسے 90 سیکنڈ سے بھی انجام دیا ہے۔واضح رہے کہ مریض سوچتا رہا اور اسی لحاظ سے روبوٹ بازو چلتا رہا جس کی تفصیلات فرنٹیئرز ان نیوروبایوٹکس میں شائع ہوئی ہے۔ اس نظام میں ایک برین مشین الگورتھم اور دو روبوٹ بازو شامل تھے۔ دماغ سے آنے والے برقی سگنل کو پہلے احکامات میں بدلا گیا جسے روبوٹ بازو تک پہنچایا گیا۔اس اختراع کی پشت پر 15 برس کی تحقیق شامل ہے جس میں نیوروسائنس، روبوٹکس، سافٹ ویئر اور الگورتھم جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔ اس کی فنڈنگ امریکی دفاعی تحقیقی ادارے ڈارپا نے کی تھی جس میں دماغ اور مشین کے ملاپ پر نئی تحقیق سامنے آئی ہے جسے عام زبان میں ’برین مشین انٹرفیس‘ کہا جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا سب سے اہم استعمال معذور افراد کی مدد ہے جو ایک دیرینہ خواب بھی ہے۔ تاہم اگلے مرحلے میں لمس سے محروم معذور افراد کو چھونے والی شے کا احساس دلانا ہے جس کے لیے جدید اور حساس سینسر کا کام جاری ہے۔