خدا نے چاہا تو دو بارہ بالی ووڈ میں کام کروں گی، صبا قمر

ممبئی: بالی ووڈ اور لولی ووڈ کی معروف اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے خدا نے چاہا تو وہ بالی ووڈ میں دوبارہ کام کریں گی۔صبا قمر جہاں پاکستان میں ’’باغی‘‘، ’’چیخ‘‘ اور ’’’تھکن‘‘ جیسے سپر ہٹ ڈراموں میں کام کرنے کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔ وہیں وہ بالی ووڈ میں مرحوم اداکار عرفان خان کے ہمراہ فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ میں بہترین پرفارمنس دے کر بھارتی عوام کو بھی اپنا دیوانہ بنا چکی ہیں۔حال ہی میں ایک بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو ٹیلیفون پر دئیے گئے انٹرویو میں صبا قمر نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں عرفان خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ فلم ’’ہندی میڈیم‘‘میں کام کرکے انہیں پہچان اور بہت سارا پیار ملا اور امید کرتی ہیں کہ وہ دوبارہ ہندی فلم انڈسٹری میں کام کریں گی۔صبا قمر نے کہا کہ 2017 میں جب ودیا بالن نے ’’ہندی میڈیم‘‘ میں ان کی پرفارمنس کو سراہا تو انہیں بہت اچھا لگا تھا۔ مجھے تمام لوگوں کا شکریہ اداکرنے کا موقع نہیں ملا۔ مجھے خوشی ہے کہ مجھے فلم فیئر میں بہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں ودیا بالن، کنگنا رناوت، سری دیوی اور عالیہ بھٹ کے ہمراہ نامزد کیا گیا۔اداکارہ نے کہا میں بہتری کے لیے پُرامید ہوں۔ میں ایک مثبت انسان ہوں اور ’’خدا نے چاہا تو میں بالی ووڈ میں کام کروں گی‘‘۔ صبا قمر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ کے بعد دوبارہ بھارت میں کام نہیں کرسکیں، تاہم اب وہ بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’’زی فائیو‘‘ کے شو ’’مسٹر اینڈ مسز شمیم‘‘ میں کام کررہی ہیں۔صبا قمر نے دوران انٹرویو بتایا کہ وہ خوش ہیں کہ بالآخر پاکستانی اور بھارتی انڈسٹری گھریلو اور کچن سے متعلقہ کہانیوں والے ڈراموں سے ہٹ کر حقیقی مسائل پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ اداکارہ نے مثال دیتے ہوئے کہا جیسے بھارت میں آپ جن کرداروں کو پردے پر دکھاتے ہیں، آپ ان کرداروں کو زندگی دے رہے ہورہے ہوتے ہیں، لوگوں میں شعور اجاگر کررہے ہوتے ہیں اور ایسا کرنا ضروری ہے۔

Comments (0)
Add Comment