ورلڈکپ؛ پاکستان کی شرکت حکومتی اجازت اور بھارتی بورڈ کے رویے سے مشروط

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) حکام کے درمیان مذاکرات ختم ہو گئے۔لاہور میں موجود آئی سی سی اور پی سی بی حکام کے درمیان فنانشل ماڈل، بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کی شرکت سمیت اہم امورز پر تبادلہ خیال کیا گیا، آئی سی سی کا وفد آج رات گئے دبئی روانہ ہوگا جبکہ مذاکرات کا اعلامیہ کل جاری کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کاموقف ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے آئی سی سی کو بہت زیادہ آمدن ہوتی ہے، اسی تناسب سے بھارت کے ساتھ پاکستان کو بھی زیادہ حصہ ملنا چاہیے جبکہ ورلڈکپ کے لیے بھارت روانگی کو ایک بار پھر حکومتی اجازت اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے رویے سے مشروط کیا گیا۔بھارت 2025 میں آِئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آنے کی گارنٹی پر بھی بات ہوئی جبکہ بورڈ حکام نے چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔قبل ازیں آئی سی سی اور پی سی بی حکام کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور قذافی اسٹیڈیم میں ہوا تھا، جس میں پاکستان نے اپنا موقف کھل کر بیان کیا تھا، آج نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بات چیت ہورہی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستانی تحفظات اور مطالبات کی روشنی میں آئی سی سی حکام اپنی تجاویز سامنے رکھیں گے۔آخر میں مشترکہ طور پر ایک اعلامیہ بھی جاری ہونے کا امکان ہے۔گزشتہ روز پاکستان نے ایشیاکپ، ورلڈکپ اور چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملات پر اپنا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کھیلنے کیلیے بھارت جانے کے معاملہ پر پی سی بی اپنا موقف دہراتے ہوئے کہا ہے کہ میگا ایونٹ میں شرکت کیلیے اپنی حکومت کی ہدایات پر عمل کریں گے۔آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے اور چیف ایگزیکٹو جیف ایلررائس آج رات کو دبئی واپس روانہ ہوجائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment