ایشیاکپ؛ بابراعظم کی کپتانی پر گمبھیر نے بھی سوال اٹھادیا

سابق بھارتی کرکٹر اور بی جے پی کے رہنما گوتم گمبھیر نے ایشیاکپ میں پاکستان کی سری لنکا کے ہاتھوں سپر فور مرحلے میں شکست پر بابراعظم کی کپتانی پر سوال اٹھادیا۔
ایشیاکپ کے براڈ کاسٹر کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر نے میچ کے اختتامی اوورز میں بابراعظم کی کپتانی پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ زمان خان اور شاہین آفریدی اچھی بالنگ کروارہے تھے لیکن بابراعظم کی فیلڈ پلیسمنٹ مجھے سمجھ نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ جب سست رفتار سے شاہین اور زمان گیندیں کروا رہے تھے تو بابراعظم نے لانگ آف پر فیلڈر کو اوپر کیون نہیں بلایا، اسی طرح کوشل مینڈس اور سدیرا سمارا وکرما کی سنچری شراکت کے دوران بابر نے پارٹنرشپ توڑنے کے بجائے پارٹ ٹائم بالرز سے بالنگ کروائی۔
گوتم گمبھیر نے کہا کہ جب کوئی پارٹنرشپ بننا شروع ہوتی ہے تو کپتان اپنی ایٹکنگ بالرز کو اوور دیتا ہے لیکن بابراعظم نے بھی نہ کیا۔
انہوں نے بابراعظم کو مشورہ دیا کہ درمیانی اوورز میں زیادہ جارحانہ انداز، وکٹیں لینے پر توجہ مرکوز کرنا، ہی آپکو میچ جتواسکتا ہے۔ بابر کو اپنی کپتانی میں بہتر ہونا پڑے گا کیونکہ ون ڈے کرکٹ ایسی نہیں کہ آپ غلطیاں کرتے رہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سری لنکا نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا، وہ 17 ستمبر کو بھارت کیخلاف کولمبو میں ٹکرائیں گے۔
قومی ٹیم نے بارش سے متاثرہ 42 اوورز کے میچ میں 252 رنز بنائے، آئی لینڈرز نے ہدف میچ کی آخری گیند پر حاصل کیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment