بھارتی ناظم الامور کی وزارت خارجہ میں طلبی، یاسین ملک کی بگڑتی صحت پر احتجاج

پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کرلیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے یاسین ملک کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صحت کی صورتحال پر احتجاج کیا۔ 

دفتر خارجہ کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے یاسین ملک کی جیل سے فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا بھارتی وزیر اعظم کے نام خط بھی بھارتی ناظم الامور کے حوالے کیا گیا۔ 

دفتر خارجہ کے اعلامیہ کے مطابق درخواستوں کے باوجود یاسین ملک کو ٹرائلز میں پیشی اور جرح کے حق سے محروم کیا گیا۔ یاسین ملک جھوٹے مقدمے میں تہاڑ جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ 

دفتر خارجہ کے مطابق قانونی چارہ نہ ہونے کے باعث حریت رہنما یاسین ملک 22 جولائی سے بھوک ہڑتال پرہیں۔

اعلامیہ کے مطابق بھارتی حکومت یاسین ملک کو فوری طور پرطبی امداد فراہم کرے اور یاسین ملک پر من گھڑت کیسز کے تحت غلط سزا کو منسوخ کرے۔