اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے کردیا گیا، کوئٹہ پولیس انہیں لے کر بلوچستان روانہ ہوگئی۔
کوئٹہ پولیس حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد پہنچی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے حسان نیازی کی طلبی کا روبکار جاری کیا بعدازاں حسان نیازی کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔
کوئٹہ پولیس نے عدالت سے حسان نیازی کو حوالے کرنے کے لیے ایک روزہ جسمانی راہداری ریمانڈ کی درخواست کی جسے جوڈیشل مجسٹریٹ نے منظور کرتے ہوئے حسان خان نیازی کو کوئٹہ پولیس کے حوالے کردیا۔ کوئٹہ پولیس حسان نیازی کو لے کر بلوچستان روانہ ہوگئی۔
عدالت نے کہا کہ کوئٹہ پولیس نے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی ، حسان نیازی کے ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کو منظور کیا جاتا ہے، تفتیشی افسر حسان خان نیازی کو متعلقہ عدالت میں 25 مارچ کو پیش کرے۔
واضح رہے کہ حسان خان نیازی کے راہداری ریمانڈ کے لیے کوئٹہ پولیس آج اسلام آباد کچہری پہنچی تھی۔ 18 مارچ کو حسان خان نیازی کے خلاف تھانہ ائیرپورٹ کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ان پر پولیس کو دھمکیاں دینے، اسلحہ رکھنے، بیریئرز توڑنے، توڑ پھوڑ اور کار سرکار میں مداخلت کے الزامات عائد کیے گیے ہیں۔