پی سی بی کا ڈومیسٹک سیزن میں تین نئے چیمپیئنز ٹورنامنٹس منعقد کرنیکا اعلان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2024-25 میں تین نئے چیمپیئنز ٹورنامنٹس کا اعلان کر دیا۔تینوں فارمیٹس میں چیمپیئنز کپ ون ڈے، چیمپیئنز کپ ٹی20 اور چیمپیئنز فرسٹ کلاس کپ منعقد ہوں گے۔ نئے سیزن کا آغاز یکم ستمبر کو چیمپیئنز کپ ون ڈے ٹورنامنٹ سے ہوگا۔تین چیمپیئنز ٹورنامنٹس کے اضافے کے بعد پی سی بی اب مردوں کے آٹھ سینیئر ٹورنامنٹس میں کل 261 میچز کا انعقاد کرے گا۔ ان تین ایونٹس میں 131 فرسٹ کلاس میچز، دو ایونٹس میں 40 پچاس اوورز کے میچز اور تین ایونٹس میں 97 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان ٹورنامنٹس کا مقصد ہماری کرکٹ کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق لانا ہے، ہماری موجودہ رینکنگ پاکستان کی حقیقی صلاحیت کی عکاسی نہیں کرتی لہٰذا اصل مقام بحال کرنا ہے، پاکستان کرکٹ کے مستقبل سے بہت پر امید ہوں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپیئنز ٹورنامنٹس ڈومیسٹک کرکٹ سے ہمارے سب سے زیادہ باصلاحیت اور مستقل پرفارمرز کو ہمارے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ اکٹھا کریں گے اور ایسا ماحول بنائیں گے جو بین الاقوامی کرکٹ کا آئینہ دار ہو۔ براڈکاسٹ میچز، لیجنڈری مینٹورز، ایلٹ کوچنگ اسٹاف اور وسیع میڈیا کوریج کے ساتھ، یہ ٹورنامنٹ ہمارے کھلاڑیوں کو وہ ایکسپوژر اور تجربہ فراہم کریں گے جس کی انہیں ضرورت ہے۔واضح رہے کہ اس سیزن میں پاتھ وے اور ڈیولپمنٹ سطح پر مجموعی طور پر 13 ہزار میچ کھیلے جائیں گے۔ نئے ڈومیسٹک سیزن میں فرسٹ کلاس اور دیگر میچوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگیا۔ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے معاوضوں اور میچ فیس میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ کیٹیگری ون کے کھلاڑی کو ساڑھے پانچ لاکھ روپے ملیں گے، پچھلے سیزن میں یہ معاوضہ تین لاکھ روپے تھا۔