لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ باجوہ سے ڈیل کرکے ملک لوٹنے کیلئے چور واپس آگئے.
عمران خان نے زمان پارک لاہور سے ویڈیو لنک پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم باہر جاکر کہتا ہے میں مانگنے تو نہیں آیا لیکن مجبور ہوں، آپ کا وزیراعظم ایسی بات کرکے قوم کی عزت ختم کردیتا ہے، یہ بے شرم انسان ہے چوروں کی کیا عزت ہوتی ہے، یہ اپنا پیسہ چوری کرکے ملک سے باہر بھیجتے ہیں، یہ کہتے ہیں محنت نہیں کریں گے، امداد سے آنے والے پیسے سے کام چلالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چوروں کو این آر او ٹو دیکر ملک پر اصل ظلم کیا گیا، جب ان کو پکڑنے لگتے ہیں یہ باہر بھاگ جاتے ہیں، انہوں نے پہلے جنرل مشرف سے ڈیل کی اور اب جنرل باجوہ سے ڈیل کی، ڈیل کرکے واپس آگئے اور پھر ملک کو لوٹیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ان چوروں نے اپنے 1100 ارب روپے کے کرپشن کے کیسز معاف کرالیے، این آر او کی گنگا میں دھل کر سب پاک ہورہے ہیں، اسحاق ڈار، سلیمان شہباز بھی پاک ہوگیا، شہباز شریف کے سارے مقدمات ختم ہوگئے۔
عمران خان نے کہا کہ نوازشریف واپس آنے کے لئے پر تول رہا ہے اور نیلسن منڈیلا بنا ہوا ہے کہ میرے ساتھ بہت ظلم ہوا، آصف زرداری کے کیسز ختم ہوگئے، اس کی بہن فریال تالپور بھی پاک ہوگئی، پورا سندھ جانتا ہے دونوں بہن بھائی ہر چیز میں کمیشن لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں طاقتور وڈیرے غریب ہاریوں پر جانوروں کی طرح شدید ظلم کرتے ہیں، یہ ظلم ہے چھوٹا چور جیل میں اور بڑے ڈاکو باہر ہیں۔