توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جانب سے توہینِ کمیشن کے کیس میں عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔

توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان ، اسد عمر اور فواد چودھری کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

ذرائع کے مطابق وارنٹ گرفتاری توہین الیکشن کمیشن کیس میں عدم پیشی پر جاری کیے گئے، جس کے تحت تینوں رہنماؤں کو 50، 50 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ الیکشن کمیشن نے تینوں پی ٹی آئی رہنماؤں کی حاضری سے استثنا کی درخواستیں بھی مسترد کر دیں۔
واضح رہے کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں حاضری سے استثنا مانگا تھا، جس پو الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت میں عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا عندیہ دیا تھا۔