دبئی کے سوشل میڈیا گروپ واؤ اور گلیمر اینڈ اسٹائل کے زیر اہتمام ایکسپو سینٹر شارجہ میں میلے کا اہتمام

دبئی (نمائندہ خصوصی )دبئی کے سوشل میڈیا گروپ واؤ اور گلیمر اینڈ اسٹائل نے مشترکہ کاوشوں سے مرحبا رمضان اور عالمی یومِ خواتین کی تقریبات کے تناظر میں ایکسپو سینٹر شارجہ میں ایک میلہ واؤ فییسٹا ۲۰۲۳کا اہتمام کیا۔ جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ گلیمر اینڈ اسٹائل کی ناجیہ فرقان اور WOW واو کی ثروت زہرہ، زبیدہ خانم اور سعدیہ طارق اس میلہ کے انتظام میں پیش پیش تھیں۔واؤ WOWتنظیم کا بنیادی مقصد خواتین کو ان کی مہارت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کیاجانا ہے جہاں یہ خواتین اپنی صلاحیتوں کو مثبت طریقے سے بروئے کار لا کر معاشرہ کی تہذیب و ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں اور اپنے کاروبار کو شروع کر سکیں یا اپنے کاروبار کو مزید ترقی دے سکیں، مرحبا رمضان کا واؤ فییسٹا اس کی جیتی جاگتی مثال تھا۔ایکسپو سینٹر شارجہ کا انٹیلکچوئل ہال مہمانوں کی آمد سے ۱۲ بجے سے سجنا شروع ہوگیا تھا

اور یہ رونق رات تک جاری رہیمیلہ میں خواتین نے مختلف اسٹالز سجا رکھے تھے جن میں کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹالز نے میلہ میں آنے والوں کی توجہ اپنی جانب مرکوز کئے رکھی۔ رمضان کی آمد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بہت سی خواتین گھر کے بنے ہوئے کھانوں کو پروموٹ کرتی نظر آئیں اس کے علاوہ خواتین کی دلچسپی اور شوق کی اشیاء کے کئی اسٹالز تھے جن میں کپڑوں، جوئیلری، میک اپ اور جوتوں کے اسٹالز نمایاں تھے۔ایک طرف ہاتھوں پہ مہندی کے رنگ بکھر رہے تھے تو وہیں ایک خاتون ہولی کے رنگوں کی فروخت کرتی نظر آئیں۔ گھریلو صنعت کا فروغ بھی حسن و آرایش کی مصنوعات سے بہت خوبصورت طریقہ سے کیا گیا تھاواؤ WOWگروپ نے اس میلہ کی رونقوں کو دوبالا کرنے کے لئے کئی پروگرام ترتیب دئے ہوئے تھے جن میں یونائیٹڈ فوڈزجھٹ پٹ سلاد مقابلہ اورزم زم فارمیسی کڈز ٹیلنٹ شو بہت ذیادہ پسند کئے گئے ۔کڈز ٹیلنٹ شو اس شام کا سب سے کامیاب سیگمنٹ رہا، بچوں کے جوش و خروش نے میلہ کی رونقوں کو چار چاند لگا دئے تھے۔کڈز ٹیلنٹ شو کی کامیابی کا سہرا بلا شبہ واؤ WOW کی محترمہ زبیدہ خانم کے سر جائیگا جن کی محنت اور توجہ سے بچوں نے اسٹیج پر اپنے ٹیلنٹ کا مظاہرہ کیا۔ان مقابلوں کے علاوہ عالمی یومِ خواتین ۲۰۲۳ کی اس سال کی تھیِم ڈیجیٹال یعنی ٹکنالوجی کی تعلیم بلا امتیازِ صنف سب کے لئے عام کرنے کی ضرورت پہ منحصر ہے اور اسی تھیِم کو پیشِ نظر رکھ کر واؤ WOWکی ممبر محترمہ سعدیہ طارق نے ایک ٹکنالوجی ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا تھا۔ اپنی تقریر میں انہوں نے شرکائے میلہ کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے موضوع پر بہت سی مفید معلومات بہم پہونچائیں ۔میلہ کی ایک اور رونق باس پری لکی ڈرا بھی تھا، جہاں میک اپ مصنوعات بنانے والی کمپنی باس پری نے ۱۵ انعامات کا اہتمام کیا تھا۔یونائیٹڈ فوڈز کمپنی کے تعاون سے پیش کئے جانے والے جھٹ پٹ سلاد مقابلہ میں شامل ججوں، محترمہ ساجدہ راشد، محترمہ طاہرہ غفوری اور محترم ارشد صدیقی نے مقابلہ کے شرکاء کو اول دوم اور سوم انعامات سے نوازا۔بعد ازاں واؤ کی بانی ممبر محترمہ ثروت زہرہ نے بچوں اور سلاد مقابلہ کے جیتنے والوں میں انعامات اور اسناد پیش کیںاس میلہ کو کامیاب بنانے میں جن کرم فرماؤں کا تعاون رہا ان میں یونائیٹڈ فوڈز کمپنی دبئی، الجرف گروپ عجمان، زم زم فارمیسی عجمان، باس پری کاسمیٹکس دبئی اور سوپر فکس آٹو سینٹر دبئی نمایاں نام ہیں۔ان تمام کرم فرماؤں سے اظہارِ تشکر کے لئے گلیمر اینڈ اسٹائل کی ناجیہ فرقان نے شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹس بھی پیش کئے۔