اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے انتخابات اکتوبر تک ملتوی کر کے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔
سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ آج ہر شخص کو عدلیہ اور وکلا کے ساتھ اس امید کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے کہ وہ آئین کی حفاظت کریں گے کیونکہ اگر آج (الیکشن کمیشن کے فیصلے کو) مان لیا جائے تو یہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی کا خاتمہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے اپنی 2 صوبائی اسمبلیوں کو اس امید کے ساتھ تحلیل کر دیا تھا کہ انتخابات 90 دنوں میں ہوں گے جیسا کہ ہمارے آئین میں واضح ہے، ہم نے یہ کارروائی آئین اور قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فاشسٹوں کے ایک گروپ کو دہشت گردی کا راج مسلط کرنے کی اجازت دینے کے لیے نہیں کی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات ملتوی کردیے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے 8 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے امن و امان کی صورتحال سازگار نہیں ہے۔