دبئی ( نیوز رپورٹ ) متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کا سب سے بڑا مرکز پاکستان ایوسی ایشن دبئی رواں سال کے آخر تک کاغذ ترک ( Paperless ) کرنے والا ادارہ بن جائے گا جبکہ ماحولیاتی تغیرات کی آگاہی کیلئے اس سال ایسوسی ایشن میں “ گرین سمٹ “ کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ ماحولیات پر کانفرنس اور پیپر لیس ( کاغذ ترک ) حکمت عملی کا اظہار پاکستان ایوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے پروگرام “گیسٹ ان ٹاؤن” میں کیا جس کا اہتمام متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم “ پاکستان جرنلسٹ فورم” میں ایسوسی ایشن کے میٹنگ روم میں کیا تھا۔ پاکستان ایوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے کہا کہ دبئی میں اس سال نومبر میں دبئی ایکسپو سینٹر میں عالمی ماحولیاتی کانفرنس کاپ 28 ( COP28 ) منعقد ہونے جارہی ہے جس میں پاکستان ایسوسی ایشن دبئی بھی بڑھ چڑھ کر شریک ہوگی ۔ ماحولیاتی آگاہی اور موسمیات سے جڑے تغیرات کی روک تھام کیلئے ہر سال کاپ ( COP ) کا انعقاد ہوتا ہے جس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں بات چیت اور حل تلاش کرنے کے کوششیں کی جاتی ہیں۔ اس سال کاپ ( COP ) کا 28 واں سیزن ( COP28 ) دبئی ایکسپو سٹی میں 30 نومبر سے 12 دسمبر 2023 تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا۔ڈاکٹر فیصل اکرام نے بتایا کہ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی بھی کاپ 28 ( COP28 ) کانفرنس کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی “گرین سمٹ “ کا انعقاد کررہی ہے تاکہ متحدہ عرب امارات میں بسی پاکستانی کمیونیٹی بھی ماحولیاتی تبدیلیوں کے بارے میں آگاہ ہو اور گرین سمٹ سے حاصل ہونے والی آگاہی اور شعور کو ماحولیاتی تغیرات کے منفی اثرات کی روک تھام کیلئے اقدامات کرسکے ۔ماحول کی بہتری کیلئے کاغذ ترک کے منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے، پاکستان ایوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے بتایا کہ ایسوسی ایشن فی الحال دستاویزات کیلئے کاغذ کا استعمال 90 فیصد کم کرچکا ہے اور اس سال کے آخر تک سو فیصد معاملات ڈیجیٹل ہوجائیں گے۔ ڈاکٹر فیصل اکرام نے کہا کہ اس وقت صرف ویلفیئر سیکشن کے معاملات میں کاغذ کا استعمال کیا جارہے ہے لیکن بہت جلد ایسوسی ایشن مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ دو سال قبل 2021 میں متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی دستاویزات کیلئے کاغذ کا استعمال ترک کرنے والا دنیا کا پہلا خطہ بن چکا ہے۔ پاکستان ایوسی ایشن دبئی کے صدر ڈاکٹر فیصل اکرام نے کہا کہ ایوسی ایشن “حکومت دبئی “ کے ویژن پر عمل درآمد کررہا ہے جس کے تحت “پاکستان ایسوسی ایشن دبئی “ ماحول دوست اقدامات اُٹھا رہا ہے اور کاغذ کا استعمال مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہے ۔ ڈاکٹر فیصل اکرام نے کہا کہ پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کی متحدہ عرب امارات میں شاندار کارکردگی کی بدولت ہی سنہ 2023 میں بھی حکومت دبئی کی جانب سے “دبئی کوالٹی ایوارڈ “ سے نوازا گیا تھا۔ دبئی کوالٹی ایوارڈ کا آغاز کئی سال قبل ہوا تھا جس کا کا مقصد متحدہ عرب امارت میں سروس ایکسیلینس کو فروغ دے کر موجودہ اداروں کے معیار اور پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ایوارڈ مختلف کاروباری شعبوں، صنعتوں اور مقامی اور بین الاقوامی برانڈز کے درمیان مسابقت کے جذبے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ جس کا مسلسل دوسری بار پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کو ملنا نہ صرف ایسوسی ایشن بلکہ پاکستانی برادری کیلئے بھی بڑا اعزاز ہے۔