یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس کا انعقاد

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے زیر اہتمام’’کشمیر ڈسپیوٹ: پاکستانز وے فارورڈ‘‘ کے عنوان سے پریسٹن یونیورسٹی میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کے انعقاد کا بنیادی مقصد مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پانچ اگست کے بھارتی غاصبانہ اقدام اور غیر قانونی کرفیو سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد پاکستان کے مستقبل کے لائحہ عمل پہ روشنی ڈالنا تھا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی منسٹر آف اسٹیٹ برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے نوجوانوں کوکشمیر سے متعلق مستقبل کی پاکستان کی پالیسی سے تفصیل سے آگاہ کیا۔

آزاد جموں و کشمیر کے قائم مقام صدر اور آزاد جموں و کشمیر کی قانون سازاسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حکومت پاکستان کی کاوشوں اور سفارتی سطح پر پرزور تحریک کو خراج تحسین پیش کیا، کانفرنس میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے بھارت میں پاکستان کے سابق سفیرعبدالباسط نے اپنے وسیع سفارتی تجربے کی بنیاد پر بھارت کے مذموم عزائم سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا اور پاکستان کے حالیہ سفارتی اقدامات پر بھرپور روشنی ڈالی۔ پیس اینڈ کلچرآرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشال ملک نے ستاون روز سے جاری بھارت کے غاصبانہ قبضے سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا اور ان کو سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و جبر کے خلاف آواز اٹھانے کی ترغیب دی۔ پریسٹن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹرعبدالباسط نے خاص طورپرملک کے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئےاپنی روز مررہ زندگی کے اندر کشمیراورکشمیریوں کے حقوق پہ آواز اٹھانے پر زور دیا۔

ممبر میٹروپولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کی رکن محترمہ منیرہ جاوید نے مسئلہ کشمیر پر بات کرنے کے ساتھ ساتھ یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان کو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پہ مبارکباد دی۔کشمیر سے تعلق رکھنے والے یڈوکیٹ خواجہ سجاد احمد نے کشمیریوں کے جذبات واحساسات کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیرکے حوالے سے عملی ہنگامی اقدامات اٹھائے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی چیئرمین عبدالقادر کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کی مداخلت کے بغیر کوئی بھی مسئلہ حل تک نہیں پہنچتا، کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کرنے میں نوجوان نسل کا بڑا ہاتھ ہےان کا کہنا تھا کہ خطے میں دیرپا امن کی خاطرمسئلہ کشمیر کو انسانی حقوق کی بنیادوں پہ حل کیا جانا چاہیے۔یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر احسن نوازخان نے عالمی برادری اوراقوام متحدہ کو مخاطب کرتے ہوئےان کو اپنی دیرینہ اور نہایت اہم ذمہ داری کا احساس دلایا اور اس بات پر زور دیا کہ سلامتی کونسل اپنی قراردوں کے ذریعے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو یقینی بنائے۔