دبئی قونصل خانے کی عمارت میں توسیع‘نئی 2منزلہ عمارت جلد تعمیر ہو جائیگی‘حسن افضل خان نے خوشخبری سنا دی
دبئی( نیوز رپورٹ ) دبئی میں پاکستان قونصل خانہ کی نئی عمارت کی تعمیر کا معاملہ گزشتہ دو دہائیوں سے کبھی التواء تو کبھی تعطل کا شکار رہا ہے مگر اب قونصل جنرل حسن افضل خان نے خوشخبری سنائی ہے کہ اگلے چار ماہ تک قونصل خانہ کے احاطے میں ایک نیا دو منزلہ قونصلر ہال تعمیر ہوجائے گی جس کی لاگت دو ملین درہم یعنی تقریبا 15 کروڑ 62 لاکھ پاکستانی روپے آئے گی۔قونصل جنرل حسن افضل خان نے یہ دبئی کے سفارتی مشن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ قونصل جنرل نے کہا کہ ماہ اکتوبر تک نیا جدید سفارتی ہال مکمل ہوجائے گا۔ انھوں نے کہا کہ نئے سفارتی ہال کی حکومت پاکستان کی طرف سے منظوری ہوچکی ہے جبکہ تعمیر کیلئے فنڈز بھی فراہم کئے جاچکے ہیں۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ ایک ہفتہ میں مقامی حکام سے منظوری کے بعد تعمیراتی کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ قونصل جنرل حسن افضل خان نے کہا کہ سفارتی ہال کی تعمیر کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے متبادل انتظام بھی کیا جارہا ہے تاکہ قونصل خانہ کا وزٹ کرنے والوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے
۔ انھوں نے کہا کہ روزآنہ ایک ہزار سے زائد پاکستانی مختلف قونصلر سروسسز کے لئے سفارتی مشن کا دورہ کرتے ہیں جن کو بلاتعطل
سہولت فراہم کی جاتی رہے گی۔ نئے سفارتی ہال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے، قونصل جنرل حسن افضل خان نے مزید بتایا کہ اس جدید ہال کی تعمیر کے بعد قونصل خانے میں یوم آزادی ، یوم پاکستان اور دیگر تقریبات سفارتی ہال میں ہوا کریں گی