کراچی: وزیراعظم سے کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور صارفین سے زائد ادائیگی سے متعلق شکایت کے بعد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ایم کیوایم کا وفد وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر کے ہمراہ بروز پیر کو کے الیکٹرک سے ملاقات کرے گا۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی ایم کیوایم پاکستان کے وفد نے گورنر ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال اور مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
ایم کیوایم کے وفد میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، سینئر ڈپٹی کنوئنرز ایم کیوایم سید مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار شامل تھے جبکہ اس مو قع پر وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر ایم کیو ایم کو تمام اہم فیصلوں میں ساتھ لیکر چلنے کی یقین دہانی کرائی اورعام انتخابات نئی یا پرانی مردم شماری پر کروانے سے متعلق فیصلے کے بارے میں اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے مشروط کردیا۔
علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے وفد نے کراچی میں جاری بجلی کی لوڈشیڈنگ، زائد بلینگ پر وزیراعظم سے شدید احتجاج کیا اورکہا کہ شہری سندھ بلخصوص کراچی کے شہریوں کو لاوارث نہ سمجھا جائے، ایم کیو ایم وفد نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا۔
ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ سب سے بڑے شہر کے شہریوں کو بجلی نہیں ملتی صرف بھاری بل بھیجے جاتے ہیں۔ اس مو قع پروزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر کو سخت ہدایات جاری کردیں۔