لاہور(کرائم رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور رفاقت علی گوندل اور سینئر سول جج (کریمنل ڈویژن) عباس رسول وڑائچ کا ڈسٹرکٹ جیل لاہور کا دورہ۔ تفصیلات کے مطابق ماہانہ انسپکشن کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور رفاقت علی گوندل اور سینئر سول جج (کریمنل ڈویژن) عباس رسول وڑائچ نے ڈسٹرکٹ جیل لاہور کا دورہ کیا ، ججز کو جیل گارڈ کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی ۔
ججز نے جیل میں کورونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز، قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا اور اظہار اطمینان کیا۔ رپورٹ کے مطابق ججز نے جیل میں قید قیدیوں سے گفتگو کی اور ان کے مسائل سنے، اسیران نے جیل انتظامیہ کے رویے اور سہولیات کے بارے میں اطمینان کا اظہار کیا۔ ججز نے جیل کے کچن ، نو عمر اسیران وارڈ کا بھی دورہ کیا اور اچھے انتظامات پر جیل انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور رفاقت علی گوندل نے معمولی جرائم میں ملوث 30 قیدیوں کو ذاتی مچلکہ پر رہا کرنے کا حکم دیا۔
دوسری جانب امروز ہی ایڈیشنل سیکرٹری پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ نیلم افضل نے بھی مذکورہ جیل کا دورہ کیا اور جیل میں صفائی ستھرائی کے انتظام، پودوں کی افزائش اور نو عمر اسیران کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی تعریف کی۔