مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)سی ای او ٹیکنو رائیٹ انٹرٹینمنٹ وحید مراد نے سابق چیئرمین ترقیاتی ادارہ پر کروڑون روپے کے مالی نقصانات دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحیثیت چیئرمین تھوری فیملی پارک کی جدید تعمیر کا معاہدہ کیا۔جس پر ایک کروڑ 15لاکھ روپے کا نقصان کروایا اور پارک تعمیر کے عوض اپنا ذاتی پارک روانی تعمیر کروانے کا معاہدہ کیا۔تھوری پارک کا کام مقامی لوگوں کی مداخلت پر روکا گیا۔لیکن اس پر ہونے والے اخراجات کی رقم سمیت کال ڈیپازٹ کی رقم تک معاہدے کے باوجود واپس نہیں کی گئی۔جبکہ روانی پارک کا 95فیصد کام مکمل ہونے کے باوجود اظہر گیلانی نے نہ صرف پارک کی تعمیر کی پوری رقم ادا کی بلکہ میری ٹنڈالی میں رہائش گاہ پر 40لاکھ سے زائد مالیت کے جھولے چوری کر لیے۔پولیس کو درخواست دی لیکن پولیس ہماری داد رسی کے بجائے ہمیں پریشر ڈال رہی ہے وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف سیکرٹری سمیت حکومتی ذمہ داران نوٹس لیں اور ہمارے پیسے جو پاکستان کے مختلف انوسٹرز کے ہیں واپس دلائے جائیں۔ان خیالات کا اظہار مرکزی ایوان صحافت میں ٹیکنو رائیٹ انٹرٹینمنٹ کے سی ای او وحید مراد نے مارکیٹنگ منیجر زاہد خواجہ، ٹھیکیدار آفتاب احمد خان ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کے چیئرمین ایم ڈی اے سید اظہر گیلانی نے تھوری پارک لیز کرنے کا کہا اورپانچ ہزار فی کنال کرایہ داری پر اراضی دینے کا معاہدہ کیا اوراس کے عوض ساتھ دوسرا معاہدہ اپنی ذاتی اراضی روانی کے مقام پر پارک تعمیر کرنے کا کیا۔ تھوری پارک کا پروجیکٹ پانچ سے سات کروڑ روپے مالیت پر مشتمل تھا ادھر سوئمنگ پول، جھولے، ہاٹس وغیرہ لگانے تھے تھوری پارک کی چار دیواری پر بھاری اخراجات کیے۔ بعدازاں مقامی لوگوں نے مداخلت کی اور کام بند کروا دیا۔ ایم ڈی اے نے ہمیں دیگر کسی سرکاری اراضی پر پارک کی تعمیر کیلئے اراضی دینے کا وعدہ کیا جو نہیں دی گئی۔جب تھوری پارک میں فیملی فن لینڈ کا کام رک گیا تو ہم نے روانی پارک والا کام بھی کرنے سے انکار کر دیا۔بعدازاں سابق چیئرمین ڈیم کی ذاتی پارک روانی کی تعمیر کا 75لاکھ روپے کے عوض معاہدہ کیا جس میں سے 44لاکھ روپے ادا کیے۔ہم نے کام 14اگست کو مکمل دینا تھا بارشوں کے باعث کام 14اگست تک مکمل نہ ہوا تو کام مکمل کرنے کیلئے 20ستمبر کی نئی تاریخ طے ہوئی۔15اور 16اگست کی رات میری ٹنڈالی میں واقع رہائش گاہ کے تالے توڑ کر سابق چیئرمین ڈیم سید اظہر گیلانی نے چالیس سے پچاس لاکھ روپے مالیت کے جھولے چوری کر لیے ہیں۔جس کی درخواست پولیس کے پاس دی مگر پولیس ہماری کوئی داد رسی نہیں کر رہی۔ ہماری ارباب اختیار سے میڈیا کے توسط سے اپیل ہے کہ ہمارے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اورسابق چیئرمین ڈیم اظہر گیلانی ججیسے بااثر شخص سے ہماری رقم واپس دلوائی جائے۔