تحریک انصاف کے ایم پی اے نذیر چوہان کا غریبوں کے پلاٹوں پر قبضے کا مبینہ انکشاف

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کا غریب شہریوں کے پلاٹوں پر قبضے کا مبینہ انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ایک وڈیو میں چند شہری تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کے شہریوں کے پلاٹوں پر مبینہ قبضے کیخلاف سراپا احتجاج نظر آ رہے ہیں۔ وڈیو میں تفصیلات بتاتے ہوئے شہری کا کہنا تھا کہ بہت افسوس کی بات ہے کہ انصاف کے نام پر سیاست کرنے والی حکومت کے نمائندے ہی شہریوں کی زمینوں پر قبضہ کر رہے ہیں۔
شہری کا کہنا تھا کہ انصاف کی علمبردار سیاسی جماعت کے ہی رکن صوبائی اسمبلی شہریوں کے پلاٹوں پر قبضوں میں ملوث ہیں جو کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے قبضہ مافیا کو ختم کرنے کے ویژن کے سراسر خلاف ہے۔ شہری کا کہنا تھا کہ ان کا چار دیواری والا پلاٹ ہے جس پر 25 مارچ کو نذیر چوہان اور اس کے کارندوں نے دھاوا بولا اور چار دیواری کے ساتھ ساتھ دروزاہ بھی اکھاڑ پھینکا۔ شہری کو زد و کوب کا نشانہ بنایا اور ان کا موبائل بھی چھین لیا۔ شہری کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ انہوں نے پولیس کو اس بابت درخواست بھی دی تاہم پولیس نے اب تک کوئی شنوائی نہیں کی۔ شہریوں نے اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے فوری نوٹس لینے اور انہیں انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔