ورچوئل ایکسپو معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، شہریار آفریدی
لاہور(کامرس رپورٹر) ورچوئل (آن لائن ) ایکسپو ملک میں کاروباری و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین کشمیر کمیٹی و سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے ورچوئل (آن لائن) ایکسپو کے ہیڈ آفس کے دورہ کے موقع پر کیا۔ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں کی کمزور معاشی پالیسیوں اور کورونا کی وبا کی وجہ سے ملک کے کاروباری طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس کا براہ راست اثر ملکی معیشت پر پڑ رہا ہے۔ ایسے حالات میں گھر بیٹھے معاشی و کاروباری سرگرمیوں کو پروان چڑھانے میں ورچوئل ایکسپو کے چیف ایگزیکٹو نعیم ثاقب کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی بہت خوشی ہے کہ پاکستانی کاروبار بھی آہستہ آہستہ ڈیجیٹلائزیشن کی جانب بڑھ رہا ہے، عصر حاضر کے جدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے عالمی کاروباری دوڑ میں شامل ہوا جا سکتاہے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو ورچوئل ایکسپو نعیم ثاقب کا کہنا تھا کہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے اور معیشت کو مثبت سمت گامزن کرنے کے لئے وزری اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے ورچوئل ایکسپو کے ہیڈ آفس کا دورہ کرنے پر شہریار آفریدی کا شکریہ ادا کیا۔