سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کی ADIPEC میں شریک پاکستانی وفد، UAE اور بین الاقوامی تیل کمپنیوں کے لیے عشائیہ کا اہتمام

دبئی (نمائندہ خصوصی)سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کی جانب سے پاکستان ہاؤس میں ابوظہبی انٹرنیشنل پیٹرولیم نمائش اور کانفرنس (ADIPEC) میں شریک پاکستانی وفد، UAE اور بین الاقوامی تیل کمپنیوں کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ وفد میں پاکستان کی معروف آئل کمپنیاں بھی شامل تھیں۔ ADIPEC ایشیا پیسفک خطے میں توانائی کی سب سے بڑی نمائش ہے۔ توانائی، بجلی اور پیٹرولیم کے وزیر، H.E. محمد علی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ وزیر نے پاکستانی اور اماراتی تاجروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور ملک کے ڈاون اسٹریم اور اپ اسٹریم سیکٹرز بالخصوص پاکستان میں ریفائننگ کی نئی سہولیات کے قیام میں پیش کی جانے والی اہم مراعات سے استفادہ کریں۔ انہوں نے توانائی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی کے فروغ کے لیے حکومت کے تعاون کا یقین دلایا۔ سفیر فیصل نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ADIPEC نے پاکستان کو ایک چھت تلے دنیا کی معروف تیل کمپنیوں کے ساتھ روابط کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔