مقبوضہ کشمیر پر بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، نگراں وزیراعظم

مظفر آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کےرہائشیوں کو ہم پاکستانی شہری سمجھتے ہیں۔ اپنے شہریوں کےحقوق کی پامالی کسی صورت نہیں ہونےدیں گے۔انہوں نے کہا کہ جہاں کارروائی کی ضرورت ہوئی کریں گے۔ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلےکوجوتے کی نوک پررکھتے ہیں۔ کوئی بھی عدالت کشمیریوں کےمستقبل کافیصلہ نہیں کرسکتی۔ کشمیر بھارت کاتھا ہے اور نہ ہی رہے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی حد میں رہے، اسے کراس نہ کرے۔ جلد اسلام آباد میں دوبارہ اجلاس ہوگا۔ تحریک کوکیسے جلابخشنی ہےکیسے بڑھاوا دینا ہے، اس پر بات چیت ہوگی۔ وزارت خارجہ اورہمارے مشن متحرک نظرآئیں گے۔ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے لوگ مایوس نہ ہوں۔نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کسی بھی قسم کا یک طرفہ اقدام پاکستان کو کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔ بھارتی سپریم کورٹ نے زمینی حقائق کو نظر انداز کیا ہے۔ بھارتی عدالت کا فیصلہ غیر قانونی، غیر منصفانہ اور کشمیر پر سیاسی عزائم پر مبنی ہے۔