تحریک انصاف کا وفد حکومت سازی کیلیے آج مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سازی کے لیے جمیعت علائے اسلام سے رابطے کا فیصلہ کرلیا۔ پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے حکومت سازی کے لیے جے یو آئی سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور اس سلسلے میں بیرسٹر گوہر علی کی قیادت میں 5 رکنی وفد آج رات مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کرے گا۔ذرائع کے مطابق وفد میں بیرسٹر گوہر علی کے ہمراہ اسد قیصر، بیرسٹر سیف اور آخوند زادہ حسین ہوں گے۔تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے جے یو آئی کو مل کر حکومت بنانے کی دعوت دی جائے گی۔پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ بیرسٹر گوہر خان کی قیادت میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہونے جا رہی ہے، ضروری نہیں ہر بات پر اتفاق کیا جائے۔علی محمد خان نے کہا کہ فارم45 کوئی اور کہانی سنا رہے ہیں اورفارم 47 کوئی اور کہانی سنا رہے ہیں، تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، تحریک انصاف ابھی تک موجود ہے اور ہم سب اس کے رکن ہیں لہٰذا تحریک انصاف کو پارلیمان میں سیاست کرنے دی جائے، پی ٹی آئی پرپابندی لگائیں گے تو جمہوریت کمزور ہوگی۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک کے ساتھ اتحاد کا کوئی امکان نہیں کیونکہ ان کے بانی پی ٹی آئی سے متعلق بیانات سے پارٹی میں تشویش ہے۔علی محمد خان نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے ہماری حکمت عملی جاری ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پارٹی کا تشخص ہر صورت برقرار رکھنا ہے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے ملکی مسائل پربات ہوسکتی ہے لیکن حکومت کے لیے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا حصہ بننا مشکل ہے۔