ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم “چک دے انڈیا” کی اداکارہ ودیا مالوادے نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں اُن کی خوبصورتی کی وجہ سے سیریز میں کام نہیں دیا جارہا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ودیا مالوادے نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ہدایتکار امیتاز علی نے مجھے سیریز ‘ڈاکٹر اروڑا’ میں کاسٹ کرنے سے انکار کردیا تھا کیونکہ اُنہیں یہ لگتا تھا کہ میں بہت زیادہ خوبصورت ہوں۔ودیا مالوادے نے کہا کہ میں نے سیریز میں ویشالی نامی گھریلو خاتون کے کردار کے لیے آڈیشن دیا تھا لیکن امتیاز علی اور اُن کی کاسٹنگ نے مجھے یہ کہہ کر کاسٹ کرنے سے انکار کردیا تھا کہ تُم اس کردار کے لیے پرفیکٹ نہیں ہو۔اداکارہ نے کہا کہ اس کردار کے لیے امتیاز علی ایسی اداکارہ کو کاسٹ کرنا چاہتے تھے جو زیادہ خوبصورت نہ ہو اور گھریلو خاتون نظر آئے لیکن میں یہ کردار کرنا چاہتی تھی تو میں نے کاسٹنگ ٹیم سے دوبارہ رابطہ کیا۔اُنہوں نے کہا کہ میں نے کاسٹنگ ٹیم کو اپنی کچھ تصاویر بھیجیں لیکن اُنہیں میری تصاویر پسند نہیں آئیں اور مجھے سے ایسی تصاویر مانگیں جن میں گھریلو خاتون نظر آؤں۔ودیا مالوادے نے کہا کہ جب کاسٹنگ ٹیم کا فون آیا تو میں گھر سے باہر کام پر تھی، میں نے اپنی گھریلو ملازمہ کو فون کیا، اُس سے کہا کہ مجھے اُس کی ساڑھی کی ضرورت ہے، میں نے گھر جاکر اُس کی ساڑھی پہنی اور اپنا ہیئر اسٹائل تبدیل کرکے خود کو بالکل گھریلو خاتون کے روپ میں دھارا۔اداکارہ نے کہا کہ اُس کے بعد، میں نے اپنی چند تصاویر امتیاز علی کو بھیجیں اور اُن سے درخواست کی کہ سر! میری خوبصورتی کی وجہ سے مجھے سیریز میں لینے سے انکار نہیں کریں، میں یہ کردار اچھے سے کرسکتی ہوں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ امتیاز علی نے سوچنے کے لیے کچھ وقت مانگا اور پھر دو دن کے بعد، اُن کا فون آیا اور کہا کہ مجھے سیریز میں کاسٹ کرلیا گیا ہے۔