پاکستان کی رفح میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت

پاکستان نے رفح میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین القوامی قوانین اور عالمی عدالت انصاف کے حکم کی صریحا خلاف ورزی قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے رفح میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گھر اور کیمپ میں پناہ لینے والے افراد کو نشانہ بنانابین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہا 24 مئی 2024 کو اسرائیل کی جانب سے کیا جانے والا حملہ بین الاقوامی عدالت انصاف کے حکم کی بھی صریح خلاف ورزی ہے، اسرائیلی قابض افواج نے ایک بار پھرقابل قبول بین الاقوامی طرز عمل کی توہین کا مظاہرہ کیا۔دفترخارجہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان 24 مئی 2024 کے آئی سی جے کے احکامات پر فوری عمل درآمد کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے، غزہ میں شہریوں کے مکمل تحفظ کے لیے اقدامات کیے جائیں اور غزہ کی نسل کشی کے لیے اسرائیلی قابض افواج کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔پاکستان نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیل کو رفح میں شہریوں کے خلاف مزید حملوں سے روکے۔