اسلام آباد: مارگلہ کی پہاڑیوں پر ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے تین مقامات پر پھیل گئی، فائر بریگیڈ کے 65 اہل کار آگ بجھانے میں مصروف ہیں، انتظامیہ نے دیگر اداروں سے بھی مدد طلب کرلی۔مارگلہ کی پہاڑیوں پر کل تین مختلف مقامات پر آگ لگی تھی جسے بجھادیا گیا تھا آج پھر آگ بھڑک اٹھی ہے جو کچھ ہی دیر میں بے قابو ہوگئی، اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ اور سی ڈی انوائرمنٹ کا عملہ بھی طلب کرلیا گیا تاہم کئی گھنٹوں بعد بھی آگ پر مکمل قابو نہیں پایا جا سکا جس پر دیگر اداروں سے مدد مانگی گئی ہے، گزشتہ روز بھی پاک فوج کے ہیلی کاپٹرزنے آگ کو بجھانے میں حصہ لیا تھا۔اطلاعات ہیں کہ مارگلہ ہلز پر لگی آگ کو بجھانے کا عمل جاری ہے، آگ سید پور رینج ٹریل تھری پر لگی اور نور پور رینج ٹریل فائیو کی طرف پھیلی۔سی ڈی اے کے مطابق سی ڈی اے کی ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے موقع پر پہنچ چکی ہے، سی ڈی اے کے 65 سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں، ٹریل تھری پر لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے، ٹریل فا ئیو پر لگی آگ کو بجھانے کے لئے کوششیں جاری ہیں، آگ پر جلد قابو پانے کے لیے مزید ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔سی ڈی اے کے مطابق چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاواکی ہدایت پر ڈی جی انوائرمنٹ خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں، چئیرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر کی ہدایت پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر موقع پر موجود ہیں، تیزہوا اور گرم موسم کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے، آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروکار لائے جارہے ہیں۔
وزیراعظم کا نوٹس
وزیراعظم نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر دوبارہ آگ لگنے کا نوٹس لے لیا اور متعلقہ اداروں کو جلد متحرک ہو کر آگ پر قابو پانے کیلئے کارروائیوں کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ مزید پھیلنے سے پہلے آگ پر قابو پالیا جائے یقینی بنایا جائے کہ آگ سے کسی انسانی جان کو خطرہ نہ ہو۔وزیراعظم کے نوٹس کے بعد وزیر داخلہ کی ہدایت پر چئیرمین سی ڈی اے اور ڈی سی اسلام آباد آگ لگنے کی جگہ پہنچ گئے، چئیرمین سی ڈی اے اور ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز نے آگ بجھانے کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ فائر فائٹرز کی جانب سے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے آگ بجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ڈی سی نے کہا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے دیگر اداروں سے بھی مدد طلب کرلی گئی ہے آگ پر بہت جلد قابو پالیا جائے گا۔