تارکین وطن کو ووٹنگ کا حق ‘دبئی میں اوورسیز پاکستانیز یونائیٹڈ فورم کے زیر اہتمام تقریب

دبئی (نمائندہ خصوصی) اوورسیز پاکستانیز یونائیٹڈ فورم متحدہ عرب امارات کے زیر اہتمام دبئی میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق ملنے کے بارے اظہار کرنے کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی پارٹیوں اور زندگی کے مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی اور اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کا اہتمام OPUF کے چیئرمین میاں منیر ہانس اور محمد امین سرگانہ ایگزیکٹو ممبر (او پی یو ایف) نے کیا جس میں پاکستان سے آئے صحافیوں فرخ شہباز وڑائچ اور علی عباس کے علاوہ پاکستان پیپلزپارٹی وومن ونگ لاہور کی صدر نرگس خان نے شرکت کی جبکہ مقامی سطح سے عبدالمجید مغل، فخر صدیقی، تابش زیدی، شیریں درانی، نجمہ جیلانی، خادم حسین، ملک محمد اسلم، شہزاد غوث، سید یاسر عباس، طارق چودھری، عرفان قمر گوندل، محمد جمن، محمد اکرم شہزاد اور ملک خرم شہزاد نے شرکت کی۔اس موقع پر فرخ شہباز وڑائچ نے امارات میں مقیم مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں سے ووٹنگ رائٹس ملنے پر ان کی رائے لی۔ زیادہ تر لوگوں نے جہاں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹنگ رائٹس ملنے پر خوشی کا اظہار کیا وہاں ووٹنگ کی شفافیت پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔ موضوع مذکورہ پر رائے دیتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حق دینے کا مطالبہ بہت پرانا تھا جس پر گزشتہ ادوار حکومت میں کام ہوتا رہا لیکن موجودہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دے دیا ہے جس پر اوورسیز پاکستانی شکرگزار ہیں کہ آخر ان کے ووٹ کی اہمیت اور حق کو تسلیم کیا گیا۔اس موقع پر لوگوں نے کہا کہ مشین کے ذریعے ووٹنگ شکوک و شبہات کا شکار ہے لہٰذا دوسری جماعتوں کے آئی ٹی ماہرین کو ساتھ لے کر ای وی ایم کے عمل کو شفاف بنایا جائے اور شفاف ووٹنگ کے عمل کو یقینی بنا کر اوورسیز پاکستانیز کو اعتماد میں لیا جائے۔ اوورسیز پاکستانیز نے مزید کہا کہ جب بھی حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مدد کے لیے پکارا ہے، اوورسیز پاکستانیز نے دل کھول کر پاکستان کی امداد کی ہے جبکہ آج بھی کثیر زر مبادلہ بھجوا کر اوورسیز پاکستانیز ملکی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ بیرون ملک سے آنے والے ہر پاکستانی کو سال میں ایک فون ٹیکس فری لانے کی اجازت دے۔