ممبئی: سال 1988 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والے دبنگ اسٹار سلمان خان کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔بالی ووڈ میں بھائی جان سے مشہور سلمان خان کا شمار اُن امیر ترین اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے کامیاب کیریئر میں بالی ووڈ کو متعدد سُپر ہٹ فلمیں دیں اور ساتھ ہی کئی ٹی وی شوز کی میزبانی بھی کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس وقت سلمان خان دو ہزار 900 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، اداکار کے سب سے قیمتی اثاثوں میں اُن کا گلیکسی اپارٹمنٹ ہے جس کی موجودہ قیمت 100 کروڑ بھارتی روپے ہے۔اس اپارٹمنٹ کے علاوہ، ممبئی میں سلمان خان کا ایک فارم ہاؤس بھی ہے جس کا کُل رقبہ 150 ایکڑ ہے۔ دبنگ اسٹار ایک پرائیویٹ یاٹ (کشتی) کے مالک بھی ہیں جس کی مالیت تین کروڑ بھارتی روپے ہے۔سلمان خان کپڑے، جیولری اور گھڑیوں کے ایک برانڈ کے مالک بھی ہیں، اداکار کے اس برانڈ کی مالیت 235 کروڑ روپے ہے۔دبنگ اسٹار کا اپنا ذاتی پروڈکشن ہاؤس بھی ہے جس نے کئی مقبول فلمیں بنائی ہیں، اس کے علاوہ سلمان خان لگژری گاڑیوں کے بھی شوقین ہیں، اُن کے گیراج میں قیمتی اور مہنگی ترین گاڑیاں موجود ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے سال 2012 میں بھارت میں ایک فلاحی ادارہ بھی قائم کیا تھا جس کا مقصد مستحق عوام کو تعلیم و صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔سلمان خان کی جائیداد صرف بھارت میں نہیں بلکہ دبئی میں بھی ہے، دبنگ اسٹار نے دبئی میں ایک بیچ ہاؤس بنا رکھا ہے، جس کی قیمت 100 کروڑ روپے کے قریب ہے، اس کے علاوہ دبئی میں اُن کا ایک اپارٹمنٹ بھی ہے۔