مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)قائد حزب اختلاف و پارلیمانی لیڈر پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کی رہائی حق و انصاف کی فتح ہے، تحریک انصاف کو ریاستی جبر کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا، عوام کے حق حکمرانی کے لیے پی ٹی آئی کی جدوجہد جاری رہے گی، جابرانہ ہتھکنڈے تحریک انصاف کا راستہ نہیں روک سکتے، عوام کا چوری شدہ مینڈیٹ واپس لے کر ہی دم لیں گے، تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کا سفر جاری رکھے گی کیوں کہ عمران خان ہی پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنا سکتے ہیں، عظیم تر پاکستان کا خواب عمران خان کی قیادت میں ہی شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ فاروق احمد کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو دبانے کیلئے قیادت اور کارکنان کے خلاف بے بنیاد مقدمات قائم کر کے انہیں گرفتار کیا جارہا ہے، رؤف حسن کی گرفتاری کے وقت تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں توڑ پھوڑ کی گئی، خواتین کارکنان کو ہاسٹلز اور ان کی رہائش گاہوں سے اٹھایا گیا، مظفرآباد سے تعلق رکھنے والی خاتون کو بھی بغیر کسی جرم کے گرفتار کیا گیا، جابرانہ ہتھکنڈے تحریک انصاف کے کارکنان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، گرفتاریاں اور مقدمات پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنان کے راستے نہیں روک سکتے، یہ ہتھکنڈے کارگر ثابت نہیں ہوں گے، کیوں کہ تحریک انصاف نے جمہوریت اور مستحکم پاکستان کے لیے ہر قربانی دینے کا عزم کررکھا ہے، خواجہ فاروق احمد کا مزید کہنا تھا کہ معاشی، سیاسی اور اقتصادی طور پر مضبوط اور مستحکم پاکستان عمران خان کی قیادت میں ہی ممکن ہے کیوں کہ قوم عمران خان کے ساتھ ہے، قوم نے عمران خان کو بھاری مینڈیٹ سے نوازا ہے جس پر 8 فروری کو ڈاکہ ڈالا گیا، سب جان لیں کہ انہیں عوام کا مینڈیٹ واپس کرنا پڑے گا، ہر کشمیری کی خواہش ہے کہ پاکستان مضبوط اور مستحکم ہو تاکہ اہل کشمیر اپنی آزادی کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے مستحکم پاکستان سے مدد طلب کر سکیں، قائد حزب اختلاف آزادکشمیر نے رؤف حسن سمیت دیگر راہنماؤں، کارکنان اور خواتین کی گرفتاریوں، مرکزی سیکرٹریٹ میں توڑ پھوڑ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے بدترین آمرانہ ہتھکنڈہ قرار دیا۔