ابوظبی(نمائندہ خصوصی) ابوظبی سائیکلنگ کلب (ADCC) نے ابوظبی سپورٹس کونسل کے تعاون اور ایمریٹس نیوکلیئر انرجی کارپوریشن (ENEC) کی طرف سے سپانسر کئے گئے الظفرہ کے علاقے میں ENEC لیوا سائیکلنگ چیلنج کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں مختلف تکنیکی اور جسمانی سطحوں کے شرکاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لیوا انٹرمیڈیٹ کورس کا فاصلہ 70 کلومیٹر جبکہ لانگ کورس کا فاصلہ تقریباً 95 کلومیٹر ہے۔ لیوا ہوٹل کے سامنے سے شروع ہونے والی اور تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ریس میں لیوا اور اس کے فارموں کے راستوں پر سواروں کے درمیان ایک دلچسپ مقابلہ ہوا۔ یہ تقریب ADCC کی مختلف ریسوں اور ایونٹس کے انعقاد کے عزم کے مطابق ہے جو بالعموم اور بالخصوص سائیکلنگ کے بین الاقوامی کھیلوں میں ابوظبی کی پوزیشن کو بہتربنانے میں معاون ہیں ۔ تقریب کا انعقاد شرکاء کے لیے ایک محفوظ اور آرام دہ ماحول میں کیا گیا۔ابوظبی حکومتی اداروں کی جانب سے کی جانے والی زبردست کوششوں کی بدولت تقریبات کے انعقاد اور ٹریک اور راستوں سے بائیک ریس کے لیے جدید ترین سہولیات کے لیے مشہور ہے۔ امارت کے بنیادی ڈھانچے نے اسے سائیکلنگ کے پیشہ ور اور شوقیہ سواروں کیلئے ایک عالمی مرکز بنا دیا ہے۔ ریس کے اختتام پر ENEC کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او محمد ابراہیم الحمادی نے ریس میں حصہ لینے والے فاتحین کو اعزازات سے نوازا۔ اے ڈی سی سی نے ابوظبی پولیس جنرل ہیڈ کوارٹر الظفرہ ریجن میونسپلٹی، انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ سینٹر ابوظبی (آئی ٹی سی)، ابوظبی ویسٹ مینجمنٹ سینٹر (تدویر)، مارشلز اور لیوا فیسٹیول مینجمنٹ کا اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں ان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا ۔