الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کا پابند ہے، سپریم کورٹ کی مخصوص نشستوں کے کیس میں دوسری وضاحت

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کی دوسری وضاحت جاری کردی جس میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کا پابند ہے۔مخصوص نشستوں کے فیصلے سے متعلق سپریم کورٹ نے دوسری وضاحت جاری کردی اور کہا ہے کہ دوسری وضاحت الیکشن کمیشن کے مانگنے پر جاری کی گئی۔دوسری وضاحت دو صفحات پر مشتمل ہے جس میں سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں کی گئی ترمیم کے ماضی سے اطلاق کرکے سپریم کورٹ کے 12 جولائی کے فیصلے کو بے اثر نہیں کیا جاسکتا۔سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ عدالتی مختصر حکم نامے کے بعد الیکشنز ایکٹ میں کی گئی ترامیم کا فیصلے پر کوئی اثر نہیں ہوگا، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کا پابند ہے۔اکثریتی ججز نے وضاحت میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ایک متفرق درخواست میں استدعا کی کہ مختصر حکم نامہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 166 اور 104 کے تحت ہے، سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ الیکشن ایکٹ میں سیکشن 104اے کو شامل کیا گیا ہے، پی ٹی آئی نے بھی ایک متفرق درخواست دائر کی جس میں کہا گیا کہ یہ معاملہ تشریح طلب ہے، سپریم کورٹ کے مختصر حکم نامہ کو متاثر نہیں کیا جاسکتا۔دوسری وضاحت میں ججز نے کہا ہے کہ ہماری پہلی وضاحت مختصر فیصلے اور تفصیلی وجوہات کے درمیان ایک کھڑکی کی مانند تھی، ہم نے اپنے تفصیلی فیصلے میں تمام سوالات کے جوابات دے دیئے ہیں، آرٹیکل 189 کے تحت ہمارا فیصلے پر اطلاق لازم ہے۔