دبئی، (نمائندہ خصوصی)نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ایکسپو 2020 دبئی میں جنوبی کوریا اور برازیل کے پویلینز کا دورہ کیا۔ جنوبی کوریائی پویلین کے دورے کے دوران شیخ محمد کو پویلین کی منفرد ساخت اور ڈیزائن کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ 4,650 مربع میٹر پر محیط یہ پویلین ایکسپو 2020 دبئی سائٹ پر سائز کے لحاظ سے سب سے بڑے پویلینز میں سے ایک ہے۔ انہیں پویلین کی مختلف خصوصیات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جو کہ جدید موبیلٹی سلوشنز کے استعمال کو ظاہر کرتی ہے۔ پویلین میں دیوہیکل ڈسپلے استعمال کیا گیا ہے جو حقیقی اور ورچوئل ماحول کو ملا کر ایک انٹرایکٹو تجربہ پیش کرتا ہے۔ اپنے دورے کے دوران شیخ محمد کو پویلین میں دکھائے جانے والے متنوع مصنوعات اور ثقافتی پروگراموں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جو جنوبی کوریا کی تہذیب کے مختلف پہلوؤں کے ساتھ ساتھ ملک کے رسم و رواج اور روایات پر روشنی ڈالتے ہیں۔ شیخ محمد نے برازیل کا پویلین بھی دیکھا۔’پائیدار ترقی کے لیے ایک ساتھ‘ کے موضوع کے تحت برازیلی پویلین کے قدرتی ماحولیاتی نظام کے ساتھ ساتھ ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ملک میں شروع کیے گئے قومی پروگراموں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ دورے کے دوران عزت مآب شیخ محمد کو پویلین کے مختلف اجزاء کے بارے میں بتایا گیا جو ایمازون بیسن کے نظاروں، آوازوں اور خوشبوؤں کو دوبارہ تخلیق کرتے ہیں۔ پویلین زائرین کو برازیل کی حیاتیاتی تنوع اور بھرپور ثقافت کو قریب سے دیکھنے موقع فراہم کرتاہے۔ اپنے دورے کے اختتام پرشیخ محمد نے پائیدار ترقی کو بڑھانے، قدرتی وسائل کے تحفظ اور انسانیت کو درپیش سب سے اہم چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تکنیکی حل اپنانے کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ نئے اشتراک کو تلاش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم پیش کرتا ہے جو دنیا کے لیے ایک بہتر مستقبل بنانے میں مدد کر سکتا ہے۔